Skip to content
Home » Blog » سائبر فراڈ

سائبر فراڈ

  • by

سائبر فراڈ

شارق علی
ویلیوورسٹی

پچھلے دنوں مجھے سولر پینل لگوانے کے لیے مسلسل فون آتے رہے۔ ہر بار ایک خاتون کی آواز مجھے میرے پہلے نام سے اس بے تکلفی سے مخاطب کرتی جیسے ہم پہلے سے واقف ہوں۔ بات بجلی کے بل میں بچت سے شروع ہوتی۔ چند بار سننے کے بعد مجھے شبہ ہوا کہ شاید دوسری طرف کوئی خودکار نظام ہے۔ میں نے فون بند کر دیا۔

میں معلوم نہیں کر سکا کہ آواز کس کی تھی یا کال کہاں سے آ رہی تھی۔ مجھے خدشہ تھا کہ بچت کی پیش کش آگے چل کر میری ذاتی یا بینک کی تفصیلات مانگنے کا بہانہ بن سکتی ہے۔

اس معمولی سے تجربے نے ایک سوال ذہن میں چھوڑ دیا۔ کسی اجنبی کو ہمارا نام معلوم ہو، کوئی پیغام ہماری حالیہ خریداری کا ذکر کرے یا ویڈیو کال پر کسی واقف شخص کا چہرہ دکھائی دے، تو ہم اس پر کتنا بھروسا کریں؟

ویڈیو کال میں کون تھا؟

جنوری 2024 میں انجینئرنگ کمپنی ایروپ (Arup) کے ہانگ کانگ دفتر کے ایک ملازم کو ایک ای میل ملی۔ بھیجنے والے نے خود کو کمپنی کا اعلیٰ مالیاتی افسر ظاہر کیا اور ایک خفیہ مالی معاملے پر گروپ ویڈیو کال میں شرکت کی دعوت دی۔ اس میٹنگ کے بعد پانچ مقامی بینک اکاؤنٹس میں تقریباً 20 کروڑ ہانگ کانگ ڈالر منتقل کیے گئے۔ یہ رقم لگ بھگ ڈھائی کروڑ امریکی ڈالر کے برابر تھی۔

ہانگ کانگ پولیس کے مطابق ویڈیو پہلے سے تیار کی گئی تھی۔ تفتیش کاروں کا خیال تھا کہ جعل سازوں نے انٹرنیٹ پر دستیاب ویڈیو اور آواز کے نمونوں سے افسر کی نقل بنائی۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی ایسی ڈیجیٹل نقل کو ڈیپ فیک کہتے ہیں۔

اس واقعے میں دفتری زندگی کی ہر چیز اپنی جگہ دکھائی دیتی تھی۔ پہلے ای میل آئی، پھر میٹنگ ہوئی اور پھر ایک ہدایت ملی۔ اسکرین پر واقف چہرہ دیکھ کر کس کا خیال فوراً اس طرف جاتا ہے کہ ایک الگ فون کال کر کے بھی تصدیق کر لی جائے؟

پاسپورٹ اپنی جگہ تھا

دسمبر 2025 میں ریل پاس فراہم کرنے والی کمپنی یوریل (Eurail) کے نیٹ ورک سے کسی نے فائلیں نکال لیں۔ ان میں بعض مسافروں کے نام اور پاسپورٹ نمبر بھی تھے۔ کمپنی نے متاثرہ صارفین کو 2026 میں اطلاع دی۔ پاسپورٹ اپنی جگہ پڑا ہو تو ہمیں اس کے گم ہونے کا خیال تک نہیں آتا۔ اس کے نمبر کی نقل کسی اور کے پاس پہنچ جائے تو گھر میں کچھ بھی اپنی جگہ سے ہلا ہوا دکھائی نہیں دیتا۔

فرانس میں سپرمارکیٹوں کے فریج

فرانس میں ایک اور سائبر حملے میں ہیکرز نے 700 سے زیادہ تجارتی مقامات پر سپرمارکیٹوں کے فریج چلانے والے نظام کو نشانہ بنایا۔ درجۂ حرارت بڑھنے سے بڑی مقدار میں خوراک ضائع ہوئی۔ فرانسیسی حکومت کے عوامی بیان میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کا ذکر نہیں تھا۔

جب اگلی کال آئے

فرض کیجیے واٹس ایپ پر کسی عزیز کی آواز میں پیغام آئے کہ وہ مشکل میں ہے اور اسے فوراً رقم چاہیے۔ اس کے پہلے سے معلوم نمبر پر خود فون کیجیے۔ کسی پارسل کی دوبارہ ترسیل کے لیے معمولی سی فیس مانگی جائے تو دکان یا کورئیر کی ایپ خود کھول کر آرڈر کی تفصیل دیکھیے۔ بینک کے نام سے کال آئے اور کوئی سکیورٹی کوڈ مانگے تو کوڈ بتائے بغیر کال ختم کیجیے اور اپنے بینک کارڈ پر درج نمبر ملائیے۔

ان سب صورتوں میں اصول ایک ہی ہے۔ جب کوئی رقم، ذاتی معلومات یا سکیورٹی کوڈ مانگے تو جواب دینے سے پہلے ایسے نمبر یا ذریعے سے تصدیق کیجیے جسے آپ خود جانتے ہوں۔ مانوس آواز، واقف چہرہ یا ہمارے بارے میں کوئی درست تفصیل کسی درخواست کو اصلی بنا کر پیش کر سکتی ہے۔

سولر پینل والی کال سے مجھے اب بھی وہ بے تکلفی یاد ہے جس سے مجھے میرے پہلے نام سے پکارا گیا۔ ہو سکتا ہے وہ محض فروخت کی ایک خودکار کال رہی ہو۔ اگر مجھے واقعی سولر پینل لگوانے ہوں تو میں اپنے وقت پر کمپنی کی تفصیلات معلوم کر کے خود رابطہ کر سکتا ہوں۔ فون کرنے والے کو میرا نام معلوم تھا۔ اگلا نمبر کس کا ملانا ہے، یہ فیصلہ میرے ہاتھ میں تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *