دانشور کون؟
شارق علی
ویلیوورسٹی
میں شاید میٹرک میں تھا، یا کالج کے پہلے سال میں۔ انہی دنوں کچھ ایسے دوست بنے جنھیں میری طرح نصاب سے باہر کی کتابیں پڑھنے کا چسکا تھا۔
ہمارے محلے میں اسلامی سینٹر اور ساداتِ امروہہ مرکز میں اکثر علمی و ادبی محفلیں ہوتی تھیں۔ کسی صاحبِ علم کو گفتگو کے لیے بلایا جاتا۔ دوستوں کے ساتھ میں بھی جانے لگا۔ وہیں پہلی بار پروفیسر سید کرار حسین صاحب کو سنا۔ ان کا نرم اور بلیغ انداز مجھے بہت پسند آیا۔ بات سمجھانے میں ایسی شائستگی تھی کہ سننے کو جی چاہتا تھا۔
اُس عمر میں کوئی پوچھتا کہ دانشور کسے کہتے ہیں، تو شاید میرے ذہن میں انہی کی صورت ابھرتی۔
پھر ڈاؤ میڈیکل کالج پہنچے تو پڑھائی کے ساتھ ادبی اور سماجی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے لگے۔ ہم چند دوستوں نے ’’پدرسری معاشرے میں عورتوں کی آزادی‘‘ کے موضوع پر سیمینار کروانے کا ارادہ کیا۔ اس کی تیاری کے سلسلے میں منتظم کمیٹی کے ہم تین طالب علم پروفیسر کرار حسین صاحب کی رہائش گاہ پہنچے۔
ان کے کتب خانے کی وہ ملاقات آج بھی مجھے یاد ہے۔ شیلف میں سجی بہت سی کتابوں کے درمیان قالین پر فرشی نشست تھی۔ ہم ان کے پاس ہی بیٹھ گئے۔ کتابیں ان کے پس منظر میں تھیں اور ہم اپنے مجوزہ پروگرام کی تفصیلات ان کے سامنے رکھ رہے تھے۔
ان کے داماد غازی صلاح الدین صاحب بھی وہاں موجود تھے۔ وہ اُن دنوں روزنامہ ڈان میں ’’کراچی ڈائری‘‘ لکھا کرتے تھے۔ ہم طالب علموں کے لیے یہ موقع خاصا اہم اور یادگار تھا۔ جن صاحبِ علم کو اب تک محفلوں میں دور بیٹھ کر سنتے آئے تھے، آج وہ ہمارے ساتھ بیٹھے ایک پروگرام کو حتمی شکل دے رہے تھے۔ ملاقات مختصر تھی، مگر یادوں میں بسیرا کر گئی۔
افسوس کہ سیمینار منعقد نہ ہو سکا۔
کالج کی رجعت پسند طلبہ تنظیم نے دھمکی دی کہ اگر یہ پروگرام ہوا تو تمہاری ٹانگیں توڑ دی جائیں گے۔
ہم خوف زدہ ہو کر پیچھے ہٹ گئے۔
آج اس واقعے کو یاد کرتا ہوں تو اپنی اُس وقت کی بے بسی یاد آتی ہے۔ ہم عورتوں کی آزادی پر گفتگو کرنا چاہتے تھے، مگر خود گفتگو کی آزادی استعمال کرنے کی ہمت نہ کر سکے۔ کرار صاحب کے کتب خانے میں بات دلیل سے آگے بڑھ رہی تھی۔ کالج میں دھمکی نے گفت و شنید کا راستہ روک دیا تھا۔
اُس زمانے میں دانشور کا میرا تصور زیادہ تر ادب اور سماجی مباحث سے وابستہ تھا۔ پھر اعلیٰ تعلیم و تربیت کے لیے برطانیہ آیا اور دوسرے ممالک کی سیاحت کا موقع بھی ملا۔ مختلف شعبوں کے لوگوں کی باتیں سنیں، کتابیں پڑھیں، لائبریریاں، عجائب گھر اور علمی ادارے دیکھے تو اس لفظ کے معنی وسیع تر ہوتے چلے گئے۔
اب مجھے دانشور وہ شخص لگتا ہے جو اپنے شعبے کی گہری سمجھ رکھتا ہو اور اسے اس طرح بیان کر سکے کہ عام آدمی اپنے ذہن میں اٹھنے والے سوالات کو بہتر سمجھ سکے۔ بعض سوالوں کا جواب مل جائے، بعض کو پوچھنے کا بہتر طریقہ آ جائے۔ جہاں جواب معلوم نہ ہو، وہاں اپنی لاعلمی تسلیم کرنا بھی اسی دانش کا حصہ ہے۔
ایک مؤرخ ہمیں بتاتا ہے کہ جس رواج کو ہم ہمیشہ سے چلا آتا سمجھتے ہیں، وہ مخصوص حالات میں پیدا ہوا تھا۔ یوں کسی سماجی بندوبست کو سمجھنے اور اس میں تبدیلی کے امکان پر غور کرنے کی گنجائش پیدا ہوتی ہے۔ ماضی کی سمجھ ہمارے حال کے فیصلوں میں مدد دیتی ہے۔
ناول نگار ہمیں کسی اور کی زندگی میں کچھ دیر رہنے کا موقع دیتا ہے۔ کسی عورت، مزدور یا بے گھر شخص کے حالات پڑھتے ہوئے ہم ان کی مجبوریوں اور خواہشوں سے واقف ہوتے ہیں۔ جس انسان کے بارے میں پہلے آسانی سے فیصلہ سنا دیتے تھے، اس کی کہانی جان کر شاید کچھ توقف کریں۔ یہ توقف بھی معاشرے کے لیے قیمتی ہے۔
ماہرِ فلکیات سمجھاتا ہے کہ دور کے ستارے کی روشنی ہم تک پہنچنے میں برسوں لگاتی ہے۔ ہم آسمان میں ماضی دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ یہ علم کائنات میں ہمارے مقام کا احساس بدلتا ہے، تجسس جگاتا ہے اور اپنے محدود تجربے سے آگے سوچنے کی دعوت دیتا ہے۔
ایک ماہرِ معاشیات واضح کر سکتا ہے کہ مہنگائی کی ایک ہی شرح دو گھرانوں پر مختلف اثر کیوں ڈالتی ہے۔ ایک ڈاکٹر بیماری اور علاج کے شواہد سمجھا کر لوگوں کو بہتر فیصلے کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ ایسی دانش روزمرہ زندگی، اجتماعی ترجیحات اور پالیسی، سب پر اثر ڈالتی ہے۔
دانشوری کی کوئی مقررہ گنتی اور تقسیم اب مجھے ضروری نہیں لگتی۔ اس کی پہچان شاید یہ ہے کہ کسی کے علم سے دوسروں کی سمجھ کتنی بڑھتی ہے اور وہ اپنی دنیا کو کتنے غور سے دیکھنے لگتے ہیں۔
کرار حسین صاحب کے کتب خانے کی یاد اب بھی اس تصور میں شامل ہے۔ کتابوں کے سامنے بیٹھے تین طالب علموں کی بات سننے اور ان کے سوال کو وقت دینے میں بھی ایک گہری دانش تھی۔ شاید اسی لیے وہ مختصر ملاقات اتنے برس بعد بھی میرے ساتھ ہے۔
#valueversity #shariqali #knowledge
