Skip to content
Home » Blog » دھن کے اُس پار

دھن کے اُس پار

  • by

دھن کے اُس پار

شارق علی
ویلیو ورسٹی

قرطبہ کی تنگ گلی میں شام ڈھل رہی تھی۔ دونوں طرف سفید مکانوں کی اوپری منزلوں پر دھوپ تھی اور گلی میں سائے لمبے ہو رہے تھے۔ دیواروں کے بیچ آسمان کی ایک نیلی پٹی دکھائی دیتی تھی۔

میں اور پیڈرو خاموشی سے ایک سیاہ فام موسیقار کے پیچھے چلے جا رہے تھے۔ پیڈرو ایک بوڑھا مقامی گائیڈ تھا۔ مناسب اجرت پر اس نے مجھے دن بھر قرطبہ کی سیر کرائی تھی۔

کچھ دیر پہلے مسجدِ قرطبہ کی بیرونی دیوار سے لگے لمبے چبوترے پر وہ موسیقار گٹار بجا رہا تھا۔ میں بھی دوسرے سیاحوں کے ساتھ ٹھہر گیا تھا۔ اس کی انگلیاں تاروں پر چلتیں تو کبھی دھن کسی مانوس ہسپانوی لے میں ڈھل جاتی، کبھی وہ کسی سُر پر ذرا دیر ٹھہرتا اور دھن ایک ایسے رخ پر مڑ جاتی جس کا اندازہ مجھے اگلے سُر تک نہ ہوتا۔

دھن ختم ہوئی تو اس نے سکے سمیٹے، گٹار غلاف میں رکھا اور دیوار کے سائے میں چل پڑا۔ ہم بھی اس کے پیچھے ہو لیے۔ کبھی اس کا کندھا دکھائی دیتا، کبھی گٹار کا غلاف، اور کبھی دونوں کسی موڑ کے پیچھے اوجھل ہو جاتے۔

گلی کے آخر میں وہ لکڑی کے ایک کھلے دروازے سے اندر چلا گیا۔ آگے ایک صحن تھا جس کی دیواروں پر پھولوں سے لدے گملے لٹک رہے تھے۔

’’کون ہے یہ؟‘‘ میں نے پوچھا۔

’’ذرا ٹھہرو۔ کہانی رفتہ رفتہ کھلے گی۔ کچھ تاریخ ہے، کچھ سنی سنائی باتیں۔ باقی میرا خیال سمجھ لو۔‘‘

پیڈرو نے دہلیز پار کی۔ میں بھی اس کے پیچھے اندر چلا گیا۔

صحن کے فرش پر پانی چھڑکا گیا تھا۔ اندر سے کسی ساز کی آواز آئی۔ ہم نے کھڑکی سے جھانکا۔ نیم تاریک کمرے میں ایک چراغ جل رہا تھا۔ محراب کے نیچے وہی موسیقار بیٹھا تھا۔ اس کی گود میں اب ایک اور ساز تھا۔

’’عود،‘‘ پیڈرو نے سرگوشی کی۔

میں نے پلٹ کر گلی کی طرف دیکھا۔ ایک خچر گزرا۔ اس کے پیچھے ایک آدمی کپڑے کی گٹھڑی اٹھائے چل رہا تھا۔ گھر کے اندر سے کسی نے دروازہ بند کرنے کو کہا۔

’’ہم کہاں ہیں؟‘‘

’’قرطبہ میں۔ نویں صدی کا قرطبہ سمجھ لو۔ اور یہ زریاب ہے۔‘‘

موسیقار کا چہرہ چراغ کی روشنی سے پرے تھا۔ اس نے عود چھیڑا۔

’’علی بن نافع،‘‘ پیڈرو نے دھیمی آواز میں کہا۔ ’’بغداد میں گانا سیکھا۔ سفر کرتے کرتے آٹھ سو بائیس میں یہاں پہنچا۔ امیر عبدالرحمٰن دوم نے اسے اپنے دربار میں جگہ دی۔‘‘

’’بغداد کیوں چھوڑا؟‘‘

’’ایک قصہ ہے کہ استاد کو ڈر ہوا، شاگرد اس سے آگے نکل جائے گا۔ اس سفر کے اور قصے بھی ہیں۔‘‘

موسیقار کی انگلی ایک تار پر ٹھہر گئی۔ مجھے لگا، شاید اب وہی دھن سنائی دے جو ابھی مسجد کی دیوار کے پاس سنی تھی۔ پیڈرو بھی چپ ہو گیا۔

موسیقار اٹھا اور عود لیے برابر کے کمرے میں چلا گیا، جہاں دسترخوان بچھ رہا تھا۔

’’لوگ کہتے ہیں، قرطبہ میں کھانا پیش کرنے کی ترتیب بھی اسی نے رائج کی،‘‘ پیڈرو نے کہا۔ ’’پہلے شوربہ، پھر باقی کھانے، آخر میں پھل یا مٹھائی۔ موسم کے حساب سے لباس اور بال سنوارنے کے نئے انداز بھی اسی سے منسوب ہیں۔‘‘

’’یہ سب اسی نے شروع کیا تھا؟‘‘

’’یہی تو مشکل ہے۔ کسی چیز کو پسند کرنا، اسے رواج دینا اور اسے ایجاد کرنا، تین الگ باتیں ہیں۔ قصہ سنانے والے اکثر تینوں کو ملا دیتے ہیں۔‘‘

ہم صحن میں چند قدم آگے بڑھے۔ دوسری کھڑکی سے زریاب پھر دکھائی دیا۔ اس کے سامنے ایک لڑکا بیٹھا تھا۔ زریاب نے عود پر ایک سُر چھیڑا۔ لڑکے کی نگاہ اس کی انگلیوں پر جمی رہی۔

’’کہتے ہیں، عود میں پانچویں تار بھی اسی نے لگائی تھی،‘‘ پیڈرو نے کہا۔

میں ذرا اور قریب ہوا۔ اسی لمحے کسی نے چراغ بجھا دیا۔

اندھیرے میں چند قدموں کی چاپ سنائی دی، پھر اندر کا دروازہ بند ہو گیا۔ میں نے کھڑکی سے جھانکا۔ کمرہ خالی تھا۔ صحن میں بھی کوئی نہیں تھا۔ پیڈرو بھی جا چکا تھا۔

میں صحن پار کر کے گلی میں نکلا تو رات ہو چکی تھی۔ روشنیاں جل اٹھی تھیں اور مسجدِ قرطبہ کی دیوار پر بجلی کی زرد روشنی پڑ رہی تھی۔ کسی سیاح کے موبائل کی گھنٹی بجی۔

میں مسجد کی دیوار کے ساتھ اسی چبوترے پر بیٹھ گیا۔ کہیں دور گٹار بج رہا تھا۔ میں وہیں بیٹھا سنتا رہا۔

زریاب اور ان سے منسوب روایات

یہ ایک لٹریری نان فکشن ہے۔ پیڈرو، گٹار نواز، مکالمے اور زمانے کی تبدیلی افسانوی ہیں۔ زریاب ایک تاریخی شخصیت تھے۔

علی بن نافع، جو زریاب کے نام سے مشہور ہوئے، نویں صدی کے گلوکار اور عود نواز تھے۔ انھوں نے عباسی بغداد میں موسیقی کی تربیت پائی۔ شمالی افریقہ سے ہوتے ہوئے ۸۲۲ء میں قرطبہ پہنچے، جہاں امیر عبدالرحمٰن دوم نے انھیں اپنے دربار میں جگہ دی۔ اندلس کی موسیقی کی تاریخ میں ان کا شمار نمایاں فن کاروں میں ہوتا ہے۔

استاد کی رقابت کا قصہ اور عود میں پانچویں تار کا اضافہ ان سے منسوب مشہور روایات ہیں۔ کھانا پیش کرنے کی ترتیب، موسم کے مطابق لباس اور بال سنوارنے کے انداز بھی ان سے منسوب کیے جاتے ہیں۔

مؤرخِ موسیقی ڈوائٹ ایف رینلڈز نے گیارھویں صدی کے ابن حیان اور سترھویں صدی کے المقّری کی تحریروں کا موازنہ کیا ہے۔ ابن حیان کے ہاں ایک ہی واقعے کی مختلف روایتیں ملتی ہیں۔ المقّری کے ہاں وہی مواد ایک مسلسل داستان بن جاتا ہے. یوں روایت اور حقائق کی تفریق خاصی مشکل ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *