Skip to content
Home » Blog » لوسی , انسانی ارتقاء کا اہم سنگ میل

لوسی , انسانی ارتقاء کا اہم سنگ میل

  • by

لوسی , انسانی ارتقاء کا اہم سنگ میل

شارق علی
ویلیوورسٹی

1974 کی ایک گرم دوپہر تھی۔ ایتھوپیا کے خشک اور سنسان علاقے ہدار میں چند سائنس دان زمین پر جھکے ہوئے خاموشی سے ہڈیاں تلاش کر رہے تھے۔ گرد اڑ رہی تھی، سورج تیز تھا، اور اردگرد پھیلے پتھریلے میدان بظاہر بالکل خاموش تھے۔

اچانک امریکی ماہرِ بشریات Donald Johanson کی نظر زمین پر پڑی ایک چھوٹی سی ہڈی پر جا ٹھہری۔

پہلے ایک ٹکڑا ملا…
پھر دوسرا…
پھر تیسرا…
جلد ہی ٹیم کو احساس ہوا کہ یہ کوئی معمولی دریافت نہیں ہے

یہ ایک ایسی مخلوق کا ڈھانچہ تھا جو لاکھوں سال پہلے زندہ تھی۔

اگلے چند گھنٹوں میں انہیں جسم کے کئی اور حصے مل گئے۔ بازو، پسلیاں، ٹانگیں، ریڑھ کی ہڈی، جبڑا۔ حیرت کی بات یہ تھی کہ یہ سب ایک ہی وجود سے تعلق رکھتے تھے۔

انسانی ارتقا کی تاریخ میں اُس وقت تک یہ سب سے مکمل قدیم ڈھانچوں میں سے ایک تھا۔
رات کو کیمپ میں جشن کا سا ماحول تھا۔

ایک ٹیپ ریکارڈر پر بار بار Lucy in the Sky with Diamonds بار بار بج رہا تھا۔
اور اسی لمحے کسی نے کہا:
“Why don’t we call her Lucy?”

یوں اس قدیم مخلوق کا نام “لوسی” پڑ گیا۔

پھر حیرت انگیز دریافت کاسفر شروع ہوا

سائنس دانوں نے جب اس کے جسم کا مطالعہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ مخلوق تقریباً بتیس لاکھ سال پہلے زندہ تھی۔ اس کا دماغ اب بھی چھوٹا تھا، تقریباً چمپینزی جتنا۔ وہ جدید انسان جیسی ذہین مخلوق نہیں تھی۔
مگر اس کے جسم میں ایک انقلابی تبدیلی آ چکی تھی۔
وہ سیدھی چلتی تھی۔

اس کی ٹانگوں، کولہوں اور ریڑھ کی ہڈی کی ساخت واضح طور پر بتا رہی تھی کہ انسانی ارتقا میں “دو پیروں پر چلنا” دماغ کے بڑا ہونے سے بہت پہلے شروع ہو چکا تھا۔

یہ دریافت سائنس کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا بھی تھی اور ایک نئی کھڑکی کا کھلنا بھی۔

اب سائنس دان انسانی ارتقا کو نئے انداز سے دیکھنے لگے۔
پھر گویا وقت پیچھے مڑنے لگا…

تصور کیجیے افریقہ کو بتیس لاکھ سال پہلے۔

جنگلات کم ہو رہے تھے۔
موسم خشک ہوتا جا رہا تھا۔
گھنے درختوں کی دنیا ٹوٹ رہی تھی، اور اس کی جگہ وسیع گھاس کے میدان اور سوانا پھیل رہے تھے۔
لوسی انہی بدلتی ہوئی زمینوں اور موسموں کی مخلوق تھی۔

وہ نہ مکمل انسان تھی، نہ مکمل بندر۔
اس کا قد بمشکل ساڑھے تین فٹ تھا۔
وہ چھوٹے گروہوں میں رہتی، خوراک تلاش کرتی، خطرات سے بچتی، اور افریقی میدانوں میں لمبے فاصلے طے کرتی تھی۔

شاید اسی نئی دنیا نے اسے سیدھا کھڑا ہونے پر مجبور کیا۔
دو پیروں پر چلنے سے وہ دور تک دیکھ سکتی تھی۔ ہاتھ آزاد ہو گئے تھے۔ کم توانائی میں زیادہ سفر ممکن ہو گیا تھا۔
مگر اس کے اندر اب بھی پرانی دنیا باقی تھی۔
اس کے بازو اور انگلیاں درختوں پر چڑھنے کے لیے موزوں تھیں۔

اور شاید ایک دن یہی عادت اس کی آخری پناہ اور انجام بنی۔

سائنس دانوں کے مطابق لوسی کے جسم پر شدید فریکچرز کے آثار ملے۔ جدید تحقیق سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کسی اونچی جگہ، غالباً درخت، سے گری تھی۔ اس کے بازو، کندھے، پسلیاں اور ٹانگیں بری طرح متاثر ہوئیں۔

شاید وہ کسی شکاری جانور سے بچنے کے لیے درخت پر چڑھی تھی۔ ممکن ہے اسے نیند آگئی ہو۔
اس کا ہاتھ پھسل گیا ہو۔
اور پھر…
وہ تقریباً بارہ میٹر نیچے زمین پر آ گری ہو۔
ایک لمحے میں اس کی زندگی ختم ہو گئی تھی۔

مگر اس کی کہانی ختم نہ ہوئی۔

لاکھوں سال بعد، اسی خاموش زمین نے اس کی ہڈیاں انسانوں کے سامنے واپس رکھ دیں۔ تاکہ ہم اپنی ہی پرانی تصویر دیکھ سکیں۔

لوسی نے ہمیں یہ سکھایا کہ انسان بننے کا سفر صرف بڑے دماغ کی کہانی نہیں تھا۔

یہ پہلے قدم بقدم دو پیروں پر چلنے کی کہانی تھی۔
وہ لمحہ…
جب ایک چھوٹی سی مخلوق پہلی بار سیدھی کھڑی ہوئی، اور آہستہ آہستہ مستقبل کا انسان بننے کی سمت قدم بقدم چل پڑی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *