سونمیانی سے روس تک، ایک حیرت انگیز سیدھی لکیر
شارق علی
ویلیوورسٹی
یہ سونمیانی ہے، کراچی سے زیادہ دور نہیں، بلوچستان کا ایک ساحلی علاقہ۔ یہاں ساحل پر کھڑے ہو کر سمندر کی طرف دیکھتے ہوئے شاید ہی کسی کے ذہن میں آئے کہ اس جگہ کا روس سے ایک حیرت انگیز جغرافیائی تعلق ہے۔
تصور کیجیے، آپ یہاں سے کشتی میں روانہ ہوں اور زمین کی گول سطح پر ایک مخصوص راستے کی پیروی کرتے جائیں۔ تقریباً 32,090 کلومیٹر بعد آپ روس کے کامچٹکا خطے کے ساحل پر پہنچ سکتے ہیں، درمیان میں کسی خشکی سے ٹکرائے بغیر!
یہ راستہ افریقہ اور مڈغاسکر کے درمیان سے گزرتا ہے، افریقہ کے جنوبی سرے سے آگے بڑھتا ہے، پھر جنوبی امریکا اور انٹارکٹیکا کے درمیان واقع ڈریک پیسیج عبور کرتا ہے۔ اس کے بعد بحرالکاہل کی وسعتیں ہیں اور بالآخر روس کا ساحل۔
لیکن بظاہر گھومتے ہوئے اس راستے کو سیدھا کیسے کہیں؟
زمین گول ہے۔ اس کی سطح پر یہ راستہ ایک ’’عظیم دائرے‘‘ کی پیروی کرتا ہے۔ عظیم دائرہ وہ دائرہ ہے جس کا مرکز زمین کے مرکز پر ہو۔ چپٹے نقشے پر یہ راستہ خم کھاتا دکھائی دیتا ہے، مگر کرۂ ارض پر اسے سطح کی سیدھ میں چلنے والا راستہ سمجھا جا سکتا ہے۔
2018 میں دو محققین، روہن چابکسوار اور کشال مکھرجی، نے کمپیوٹر کی مدد سے اس راستے کی جانچ کی۔ ان کے استعمال کردہ عالمی نقشے اور حساب کے مطابق، یہ خشکی سے ٹکرائے بغیر دنیا کا سب سے طویل سیدھا سمندری راستہ تھا۔
البتہ یہ ایک ریاضیاتی اور جغرافیائی امکان ہے۔ حقیقی سفر میں ہوائیں، لہریں اور سمندری دھارے کشتی کو اس راستے پر رکھنے کے لیے بار بار سمت درست کرنے کا تقاضا کریں گے۔
سونمیانی کے ساحل پر کھڑے ہو کر سمندر کو دوبارہ دیکھیے۔ سامنے صرف پانی نہیں، ہماری زمین کی ساخت میں چھپی ایک حیرت بھی ہے۔
