Skip to content
Home » Blog » ریت سے کینوس تک: شکراللہ بلوچ کا فنی سفر

ریت سے کینوس تک: شکراللہ بلوچ کا فنی سفر

  • by

ریت سے کینوس تک: شکراللہ بلوچ کا فنی سفر

شارق علی
ویلیوورسٹی

پسنی کے ساحل پر بچھی ریت مقامی بچوں کے لیے کھیل کا میدان ہے اور صبحدم روزگار کی تلاش میں کشتیوں کی سمت جاتے ماہی گیروں کے لیے راستہ۔

شکراللہ بلوچ نے بچپن ہی میں اسے اپنے تخلیقی اظہار کے لیے کینوس بنا لیا۔

ان کے ایک تعارف میں اس بات کا ذکر ملتا ہے کہ وہ بچپن ہی سے گردوپیش سے جنم لینے والے خیالات کو دیواروں اور ساحل کی ریت پر تصویروں کی صورت میں ڈھالنے لگے تھے۔ روایتی کینوس تک پہنچنے سے کہیں پہلے تصویری اظہار کی خواہش اپنا راستہ تلاش کر چکی تھی۔

کوئی بھی فنکار پہلے دنیا کو دیکھتا ہے، پھر اسے اپنے انفرادی انداز میں دوبارہ تخلیق کرنا چاہتا ہے۔ ایک لکیر کھینچتا ہے، کوئی شکل ابھارتا ہے۔ کچھ عملیت پسند پوچھتے ہیں: اس سے کیا حاصل؟ یہ جانے بغیر کہ یہ فنکار انہیں کیا دکھانا چاہتا ہے۔

شکراللہ پسنی میں پیدا ہوئے۔ میٹرک کے بعد مزید تعلیم کے لیے کراچی آئے۔ ایک ساحلی قصبے سے بڑے شہر تک یہ سفر ان کی زندگی کا ایک اہم موڑ تھا۔ دورانِ تعلیم انہوں نے بچوں کی کتابوں کے لیے تصویریں اور رسالوں کے سرورق بنانے کا کام شروع کیا۔ آگے چل کر تجارتی اداروں کے لیے بھی مصوری کی اور فن ان کے روزگار کا وسیلہ بن گیا۔

کراچی جیسے شہر میں ایک نوجوان مصور کے سامنے کام کی مختلف ضرورتیں ابھرتی تھیں۔ کتاب کی تصویریں ایسی ہوں جو بچوں کی توجہ کھینچیں، سرورق ایسا ہو جو قاری کو اپنی طرف بلائے، اور تجارتی کام گاہک کی توقع پوری کرے۔ ایسے کاموں میں بھی تخیل کے ساتھ پابندی، مشق اور دوسروں تک بات پہنچانے کی صلاحیت درکار ہوتی ہے۔ شکراللہ کے سفر کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ شوق کو پیشہ بنانے کی راہ کس قدر مسلسل محنت مانگتی ہے۔

کمرشل کام کے دوران بھی ان کے اندر کا فنکار اپنی زمین سے رشتہ قائم رکھنے میں کامیاب رہا۔ ان کی مصوری میں عام بلوچ لوگوں، ثقافت اور مقامی زندگی سے محبت بہت نمایاں نظر آتی ہے۔

خاکے، خطی تصویریں اور مناظر ان کے فنی اظہار کا حصہ تھے۔ یوں بڑے شہر میں کام کرتے ہوئے بھی ان کے تصویری موضوعات انہیں اپنے لوگوں کی سمت کھینچتے رہے۔

بلوچستان میں حسن تخلیق کرنے کی روایت بہت پرانی ہے۔ مہرگڑھ کی قدیم تہذیب کے ظروف پر بنے نقش و نگار اور مٹی کی مورتیاں بتاتی ہیں کہ اس خطے کے باشندے ہزاروں برس پہلے بھی روزمرہ زندگی میں جمالیاتی اظہار کی جگہ ڈھونڈ لیتے تھے۔ برتن کسی ضرورت کو ضرور پورا کرتا ہے، مگر اس پر نقش و نگار بنانا انسان کی فنکارانہ جبلت اور خواہش کا اظہار ہے۔ اپنے استعمال کی چیز کو بھی بامعنی بنانا اور خوب صورتی بخشنا انسان کی فطرت ہے۔

اسی لیے غربت اور مسائل میں گھرے معاشرے کو فن سے بے تعلق سمجھ لینا مناسب نہیں۔ جہاں روزگار غیر یقینی ہو، وہاں تصویر خریدنا، بچے کو مصوری پڑھانا یا کسی فنکار کے لیے مستقل سہولت پیدا کرنا یقیناً مشکل ہو جاتا ہے۔ لیکن فن کا ذوق ضرور موجود رہتا ہے، اگرچہ اسے سہارا دینے کے لیے وسائل کم پڑ جاتے ہیں۔ ایسے ماحول میں فنکار سے اکثر توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے فن کا اظہار بھی کرے اور معاش کا بندوبست بھی خود ہی کرے۔

ماہکان مقبول نے شکراللہ کے بارے میں لکھتے ہوئے ان کی تنگ دستی کا ذکر کیا ہے۔ یہ بات ان کے فنکارانہ سفر کو اور زیادہ قابلِ توجہ بناتی ہے۔

رنگ، کاغذ، وقت اور اطمینان میسر ہوں تو تخلیقی صلاحیت کو یقیناً بہتر موقع ملتا ہے۔ ہر زندہ معاشرے کو فنکار کی ثابت قدمی کا احترام کرتے ہوئے ان مشکلات کو کم کرنے کے بارے میں ضرور سوچنا چاہیے۔

شکراللہ کا اثر ان کی تصویروں سے آگے تک پہنچا۔ پسنی کی ریت پر فن تخلیق کرنے والے مصور نذیر احمد نے انہیں اپنا استاد اور رہنما قرار دیا۔ 2017 کی ایک رپورٹ میں وہ اپنی صلاحیتوں کو شکراللہ کی تربیت سے منسوب کرتے ہیں۔ استاد کے کام کی یہ ایک زندہ صورت ہے: اس کا سکھایا ہوا ہنر دوسرے ہاتھوں میں آگے بڑھتا رہتا ہے۔

شکراللہ بلوچ کو یاد کرتے ہوئے ذہن ان کے بچپن کے اسی ساحل کی سمت جاتا ہے۔ ریت پر بننے والی تصویر تو مٹ جانی ہے، مگر تصویر بنانے کی آرزو کسی دوسرے تک پہنچ جائے تو یقیناً یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔

ہمارے اسکول، ثقافتی ادارے اور بستیاں اگر ایسے بچوں کو تھوڑی سی جگہ اور گنجائش، چند رنگ اور توجہ دے سکیں تو نہ جانے کتنے ممکنہ فنکاروں کو اظہارِ فن کا سلیقہ دستیاب ہو جائے۔

کسی نہ کسی ساحل پر آج بھی کوئی بچہ لکیریں کھینچ رہا ہو گا۔ وہ شاید منتظر ہو کہ کوئی رک کر اسے دیکھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *