Home » Blog » ہم آہنگ ، مقصدیت سے جڑیے ، بیان مقصد لکھیے ، انشے ورکشاپ ، بارہواں اور آخری انشا Harmony, POWER OF PURPOSE, INSHAY SERIAL WORKSHOP, PART 12 & the end
ہم آہنگ ، مقصدیت سے جڑیے ، بیان مقصد لکھیے ، انشے ورکشاپ ، بارہواں اور آخری انشا Harmony, POWER OF PURPOSE, INSHAY SERIAL WORKSHOP, PART 12 & the end
Join the power of purpose. This inshay serial workshop is designed to help you write a personal mission statement containing purpose, direction, and priorities in your life
کیا ہم زندگی کی مقصدیت سے جڑنا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں تو یہ انشے سیریل ورکشاپ بیان مقصد یا مشن سٹیٹمنٹ لکھنے میں مددگار ہو گی. یعنی ایک ایسی ذاتی تحریر جس میں ہم اپنی زندگی کے مقصد ، اپنے سفر کی سمت اور زندگی میں کیا اہم ہے اور کیا نہیں کی سادہ لفظوں میں وضاحت کر سکتے ہیں ، اسے سمجھ سکتے ہیں
ہم آہنگ ، مقصدیت سے جڑیے ، بیان مقصد لکھیے ، انشے ورکشاپ ، بارہواں اور آخری انشا ، شارق علی
اگر ہم بامقصد زندگی کے مقابلے میں دوسری صورتِ حال پر غور کریں تو یہ ہو گی ایک بے مقصد زندگی. ایک ایسی زندگی کہ جس میں کوئی معنویت نہیں۔ جہاں روزانہ کی جدوجہد کا صرف ایک مقصد ہے اور وہ ہے زندہ رہنا۔ یہ وہ زندگی ہے کہ جو اندر سے بالکل خالی ہے لیکن جسے بھرپور دکھانے کے لیے بیرونی طور پر ہر دم آراستگی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس نوعیت کی زندگی گزارنے والے لوگ جوش سے خالی ہوتے ہیں۔ سستی اور کاہلی سے دل بستگی رکھتے ہیں اور غیر صحت مندانہ زندگی کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اگرچہ بیشتر ایسے لوگ رایگانی کا احساس دل میں لئے اپنی زندگی کے دن جیسے تیسے پورے کرتے ہیں. لیکن ان ہی میں سے کچھ سگریٹ نوشی اور منشیات کا استعمال شروع کر دیتے ہیں۔ نفسیاتی امراض میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔ اور خودکشی جیسے انتہائی قدم کو اختیار کرسکتے ہیں۔ مقصدیت سے جڑنا ہی وہ راستہ ہے کے جس کی مدد سے ان انسانی المیوں سے بچا جا سکتا ہے. مجھے یقین ہے کے اس ورکشاپ میں اب تک کہی گئی باتوں اور آپ کی نوٹ بک میں درج عملی مشقوں نے اتنی خود آگاہی ضرور بہم پوھنچا دی ہے کہ اب آپ اپنا ذاتی اور انفرادی بیان مقصد تحریر کرنا شروع کر سکتے ہیں ۔ اس خاص مشن کی تحریری نشان دہی کہ جو آُپ کے زندہ ہونے کا جواز ہے۔ وہ بے مثال تحفہ جو صرف اور صرف آپ اس دُنیا کو دے سکتے ہیں۔ اور یہ بھی کے اس مقصد کی جانب آگے بڑھنے کے لئے جو منصوبہ بندی آپ کے ذہن میں ہے وہ کیا ہے؟ اب وقت ہے اس مقصد اور اس منصوبہ بندی کو اپنی نوٹ بک میں لکھنے کا . آپ ایسا کرنے کے لیے جتنا چاہیں وقت لے سکتے ہیں۔ یقین مانیے آپ کا لکھا ہوا بیان مقصد آپ کی زندگی میں ایک نئے سفر کا آغاز ثابت ہو گا . آئیے اب اس ورکشاپ کو ایک سوال اور اس کے ممکنہ جواب کی صورت میں اختتام پذیر کرتے ہیں . اور وہ سوال یہ ہے . کیا ہم اپنی تخلیق کا مقصد صرف ذہنی کوششوں سے حاصل کر سکتے ہیں ؟ اس سے پہلے کہ آپ تیزی کے ساتھ اس سوال کا جواب دیں میں چاہوں گا کہ آپ اپنے اندر پہلے سے موجود جبلی جواب کو سُننے کی کوشش کریں۔ اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے ذہن سے آگے بڑھ کر اپنے دل اور اپنی روح کو ٹٹولیں ۔ زندگی میں خوشی کی تلاش ایک اہم سفر ہے ۔ بعض لوگ اس سفرمیں عمیق مطالعے کو اختیار کرتے ہیں ۔ سچ پوچھئیے تو یہ وہ منزل ہے کہ جس کا راستہ صرف ذہن سے ہوکر نہیں گزرتا۔ میں نے اس موضوع پر وسیع تر مطالعے کے بعد اس ورکشاپ میں بہت سے مفکروں کی تمثیلوں اور فکر سے آپ کو اگاہ کیا ہے . لیکن اپنے دل اور روح کی ہم آہنگی سے جس نتیجے کو حاصل کیا ہے اور جس نے مجھے تسکین فراہم کی اور ذہنی سکھ سے روشناس کیا، وہ بات یہ ہے. زندگی ایک دانشمندانہ سفر ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ ہم ایک انسان ہونے کی حیثیت سے نشوونما پائیں، عملِ خیر میں اور زندگی کے سفر میں ایک دوسرے کے حصہ دار بنیں ۔ ایک دوسرے کی مدد کریں۔ ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر کام کریں۔ آپس کی خوشیوں میں شریک ہوں۔ اور شرفِ انسانیت کے درجے تک پہنچنے میں ایک دوسرے کے مدد گار ثابت ہوں۔ کیا ہم ایسے روحانی مقامات پر جانا پسند نہیں کرتے جہاں بہت سے ہم عقیدہ لوگ ہمیں اجتماعی ساتھ کا خوشگوار احساس دیتے ہیں ؟ اور جہاں محبت ، امن اور سلامتی کا دیا جانے والا درس ہماری روح کو سیراب کرتا ہے ؟ کیا ہم ایسے دوستوں کی رفاقت پسند نہیں کرتے کہ جن کے ساتھ ہماری ذہنی ہم آہنگی ہو ؟ اور جہاں دانشمندانہ رفاقت سے لطف اندوز ہونا ممکن ہو؟ کیا ہم ایسی دوکانوں سے خریداری کرنا پسند نہیں کرتے کہ جہاں ہمیں خوش آمدید کہا جائے؟ جہاں ہمیں اہمیت دی جائے؟ کیا ہم ایسی موسیقی سے لطف اندوز نہیں ہوتے کہ جسے سُن کر ہمیں اپنے ذہن اور اپنی روح میں تر و تازگی کا احساس ہو ؟ اور جس سے ہم روحانی سطح پر لطف اندوز ہوسکیں ؟ یہ بات بالکل واضح ہے کہ جو چیز کامیاب لوگوں کو کامیاب بناتی ہے وہ ہے زندگی میں اُن کی حصہ داری، ایسے لوگ زندگی سے سچی محبت کرتے ہیں اور انسان ہونے کے سارے امکانات کے بارے میں سرخوشی اور جوش رکھتے ہیں۔ اُن کی ساری کامیابی ، اُن کے سارے کارناموں کی جڑیں اسی بات میں پوشیدہ ہوتی ہیں کہ وہ خدمتِ انسانیت کے درجے پر فائز ہوتے ہیں ۔ شاید یہ میرے ذہنی سفر کا سب سے سمجھ دار نتیجہ ہے، جس پر میرا دل اور میری روح ہم آواز ہیں۔ اب میں آپ کی صحت خوشی اور کامیابی کی نیک تمناؤں کے ساتھ اس ورکشاپ کے اختتام کی اجازت چاہوں گا —- اختتام