Join the power of purpose. This inshay serial workshop is designed to help you write a personal mission statement containing purpose, direction, and priorities in your life
کیا ہم زندگی کی مقصدیت سے جڑنا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں تو یہ انشے سیریل ورکشاپ بیان مقصد یا مشن سٹیٹمنٹ لکھنے میں مددگار ہو گی. یعنی ایک ایسی ذاتی تحریر جس میں ہم اپنی زندگی کے مقصد ، اپنے سفر کی سمت اور زندگی میں کیا اہم ہے اور کیا نہیں کی سادہ لفظوں میں وضاحت کر سکتے ہیں ، اسے سمجھ سکتے ہیں
اہداف ، مقصدیت سے جڑیے ، بیان مقصد لکھیے ، انشے ورکشاپ، دسواں انشا
اپنی صلاحیت کے اعتبار سے ٹیری فوکس ایک عام ایتھلیٹ تھا، عالمی معیار کے اعتبار سے درمیانہ درجے کا میراتھون بھاگنے والا . لیکن اس نے انسانی تاریخ میں موجود سب سے زیادہ مشکل میراتھون مکمل کی۔ ایک شرمیلا سا کم گو نوجوان ، لیکن پھر اسی ٹیری فوکس نے ہزاروں لوگوں کے مجمعے کے سامنے اپنی دوڑ کے دوران پرجوش اور بھرپور تقریریں کیں۔ ایک تنہائی پسند اور اکثر اکیلا بھاگنے والا ایتھلیٹ کہ جس نے اس بے رحم مرض سے گزر کر اور اپنے مقصدِ زندگی کو پالینے کے بعد اپنی پوری قوم کے تصور و خیال پر حکمرانی کی اور ایک لازوال ہیرو بن گیا۔ اس ساری کامیابی کے پیچھے کیا چیز کارفرما تھی۔ زندگی کی معنویت اور زندہ رہنے کا مقصد۔ جب میں ٹیری فوکس کی زندگی کی کہانی پر غور کرتا ہوں تو ایک مقصد کے تحت زندگی گزارنے کی طاقت مجھ پر واضح ہوجاتی ہے۔ اور میں یہ بات سمجھ سکتا ہوں کہ عزم اور لگن اور صاف طور پر سوچنے اور سمجھے کی صلاحیت کس طرح ایک عام انسان کے آگے بڑھنے اور شرفِ انسانیت پر اس کی درجہ وار بلندی میں حصہ دار بنتی ہے۔ ٹیری کی حیرت انگیز کامیابی کا راز یہ ہے کہ اُس کی زندگی کا مقصد اور اس مقصد کے حصول کی جانب اس کی لگن خود اس کی اپنی ذاتی مشکلوں اور پریشانیوں سے کہیں بڑھ کر تھی. اگر ہم اس کہانی کو پوری طرح سمجھ سکیں تو شاید یہ ہمارے طرزِ احساس کو بھرپور انداز سے تبدیل کردینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ہمیں یہ بات واضح طور پر بتاتی ہے کہ کتنی بے کار ہے وہ زندگی کہ جو صرف اور صرف اپنے لیے، اور اپنی ضروریات کے لیے اور محض اپنی ذاتی آرزوئوں اور خواہشوں کے لیے بسر کی جائے۔ ہوسکتا ہے کہ ہماری زندگی میں سبھی کچھ ہو، سماجی مقام، خوشحالی اور کامیابی کے روایتی تصور کے سب ہی تقاضے پورے ہوتے ہوں لیکن ہمیں پھر بھی زندگی میں کسی کمی کا احساس ہو . تو یہ ہے وہ کمی کہ جسے مقصدِ زندگی کی کمی کہا جاسکتا ہے۔ زندگی گزارنے کے عمل میں معنویت اور زندہ رہنے کے جواز کی کمی۔ ہم سب لوگوں کے مطالعے اور مشاہدے میں ٹیری فوکس جیسی ان گنت مثالیں موجود ہیں۔ تو پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم سب عام لوگوں کی زندگی کا مقصد کیا ہونا چاہیے۔ ہمارے زندہ رہنے کا جواز کیا ہے؟ اس سوال کا جواب بہت سادہ اور آسان ہے۔ بالکل وہی جو ٹیری فوکس کی زندگی کا تھا. یا ایسے ہی ان گنت باہمت لوگوں کی زندگی کا ہوتا ہے۔ اور یہ مقصد ہے زندگی میں حصہ دار بننا۔ اپنی ذات سے اوپر اُٹھ کر زندگی میں شریک ہونا اور اس دُنیامیں اپنے ہونے کا مثبت نقش چھوڑنا۔ آئیے اب بیان مقصد لکھنے کی جانب اپنا اگلا عملی قدم اٹھائیں . اور یہ ہے اپنے اہداف یعنی گولز کا تعین کرنا . اپنے مخصوص تنہا گوشے میں بیٹھ کر کچھ دیر کے لیے اپنی توجہ کو اپنی زندگی کے اُن اہداف یا گولز کی سمت مرکوز کیجئے جو آپ کے لیے اہم ہیں۔ پھر اپنی ترجیحات کے مطابق زیادہ اور نسبتاً کم اہم کے لحاظ سے ان کی ترتیب پر غور اور فکر کیجئے۔ یہ گول ذاتی بھی ہوسکتے ہیں اور خاندانی یا سماجی بھی۔ کم مدتی، درمیانہ مدتی بھی ہوسکتے ہیں اور طویل مدتی بھی ۔ اپنی نوٹ بک میں اُنہیں ترتیب وار ایک فہرست کی صورت لکھ لیں —- جاری ہے