Skip to content
Home » Blog » پاکستان کیا ہے؟

پاکستان کیا ہے؟

  • by

پاکستان کیا ہے؟

شارق علی
ویلیوورسٹی

سادہ سا جواب ہے اس سوال کا۔

پاکستان میں بسنے والے لوگ۔

جغرافیائی سرحدیں، حکومتیں، ادارے اور سیاسی و معاشی اشرافیہ
یہ سب کامیاب ہیں اگر عوام بہتر زندگی گزار رہے ہیں، اور ناکام اگر ایسا نہیں ہے۔

کسی ملک کا جواز، روح، طاقت اور معیار عوام کی خوشحالی ہے۔

اقتدار کے ایوان اور ٹیلی ویژن کی سرخیاں محض فکشن نگاری ہیں۔

سچ تو وہ کروڑوں عوام ہیں جو شہروں، قصبوں اور دیہات میں زندگی سے جوجتے ہیں. پڑھتے ہیں، کام کرتے ہیں، خاندان پالتے ہیں، مشکلات کا مقابلہ کرتے ہیں اور آج سے بہتر کل کا خواب دیکھتے ہیں۔

اور اس عوام میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔
پاکستان کا ساٹھ فیصد Youth Bulge۔
اس نوجوان صلاحیت کا صحیح استعمال پاکستان کی امید اور گیم چینجر بن سکتا ہے۔

آئیے اسی امید کی بات کرتے ہیں۔

یہ سوال پوچھتے ہیں کہ اس انسانی صلاحیت کو علم، ہنر، کردار اور اجتماعی شعور میں کیسے بدلا جائے؟

حکومت کو چھوڑیے، وہ ناکام ہو چکی ہے۔

نوجوان نظام، تعلیم، معیشت اور سیاست میں تبدیلی چاہتا ہے۔

مگر پورے نظام کو بدل دینا کسی تنہا فرد کے بس میں نہیں۔

البتہ اپنے اختیار کے دائرے میں وہ بہت کچھ بدل سکتا ہے۔

اگر آپ نوجوان ہیں تو خود کو تعلیم یافتہ بنانے کی ذمہ داری سنبھال لیجیے۔ ڈگری کی روایتی تعلیم کے ساتھ غیر رسمی تعلیم کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیے۔

انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کو صرف تفریح نہیں بلکہ کتابوں، لیکچرز، سائنس، تاریخ، ٹیکنالوجی اور عملی مہارتوں کے حصول کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

دوستوں اور پڑوسیوں کے ساتھ مل کر اپنی گلی، محلے، اسکول یا کھیل کے میدان کے کسی مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کیجیے۔ واٹس ایپ یا فیس بک گروپ بنائیے اور محض شکایت کرنے والے ہجوم کا حصہ بننے کے بجائے عملی حل تلاش کیجیے۔

آپ کہیں گے، یہ بہت عامیانہ سی باتیں ہیں۔

یقین مانیے، تبدیلی کا آغاز خود ہم سے اور انہی سادہ باتوں سے ہوتا ہے۔

قومیں صرف سیاسی قیادت کے بدل جانے سے تبدیل نہیں ہوتیں۔ پائیدار تبدیلی اس وقت شروع ہوتی ہے جب عام لوگ اپنی زندگی، اپنی تعلیم اور اپنے اردگرد کے ماحول کی کچھ ذمہ داری خود اٹھانا شروع کر دیتے ہیں۔

آپ سب کو جشنِ آزادی مبارک ہو۔

اس جشن پر بس ایک سوال خود سے ضرور پوچھیے:
ہم جہاں کھڑے ہیں، وہاں سے ایک قدم آگے کیسے بڑھ سکتے ہیں؟

خود کو مسلسل تعلیم دیجیے، کوئی قابلِ استعمال ہنر سیکھیے، اپنے سماج کی بہتری سے جڑیے اور اپنے آس پاس کے حقیقی مسائل کو حل کرنے میں اپنا حصہ ڈالیے۔

بہتر پاکستان کی ابتدا یہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *