لمبی پرواز
شارق علی
ویلیوورسٹی
مجھ سے ملیے، الاسکا کی سرد فضاوں میں، جہاں کبھی یوں لگتا ہے کہ دن ختم ہی نہیں ہوتے، میں ایک چھوٹا سا گڈوِٹ پرندہ ہوں۔
لوگ مجھے بار ٹیلڈ گوڈوِٹ (Bar-tailed Godwit) کہتے ہیں۔
میرا جسم بظاہر معمولی پرندے جیسا ہے، مگر میرے اندر سمندروں سے بھی طویل ایک خواب پلتا ہے۔
گرمیوں کے اختتام پر، جب الاسکا کے دلدلی میدانوں میں روشنی نرم ہونے لگتی ہے، میرے اندر ایک عجیب بے چینی جاگ اٹھتی ہے۔ یہ صرف خواہش نہیں، ایک قدیم پکار ہے۔ ہزاروں برسوں سے میرے آبا و اجداد اسی آواز پر لبیک کہتے آئے ہیں۔
میں ذیادہ کھانا شروع کردیتا ہوں… بہت زیادہ کھانا۔
کیڑے، چھوٹے سمندری جاندار، نرم خول والے کیکڑے۔ میں دن رات کھاتا رہتا ہوں۔ میرے جسم میں چربی جمع ہونے لگتی ہے۔ میرا وزن تقریباً دوگنا ہو جاتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق یہی چربی میرے سفر میں میرا ایندھن بنتی ہے۔
میرے جسم کے بعض اندرونی اعضا، جیسے نظامِ ہضم سے متعلق حصے، عارضی طور پر چھوٹے ہونے لگتے ہیں تاکہ وزن کم ہو اور توانائی بچے۔ مگر وہ “غائب” نہیں ہوتے جیسا کہ سوشل میڈیا کی بعض ویڈیوز غلط دعویٰ کرتی ہیں۔
یہ ایک حقیقی حیاتیاتی موافقت (biological adaptation) ہے، جادو نہیں۔
پھر ایک دن ہوا رخ بدلتی ہے۔
میں اپنے پروں کو طویل پرواز کے لیے پھیلا دیتا ہوں۔ آسمان کی طرف دیکھتا ہوں، اور اڑان بھر لیتا ہوں۔
میرے نیچے بحرالکاہل پھیل جاتا ہے۔
نہ کوئی جزیرہ، نہ کوئی درخت، نہ آرام کی جگہ۔
صرف ہوا… سمندر… اور مسلسل پرواز۔
میں سوتا نہیں جیسے انسان سوتے ہیں۔ لیکن میرا دماغ مختصر وقفوں میں آرام کرتا ہے۔ میں ہوا کے دباؤ، ستاروں، سورج، زمین کے مقناطیسی میدان اور سمندری ہواؤں کے اشاروں سے اپنا راستہ پہچانتا ہوں۔
ہم میں سے بعض گڈوِٹس تقریباً 11,000 سے 12,000 کلومیٹر تک بغیر رکے پرواز کرتے ہیں۔ یہ زمین کی طویل ترین نان اسٹاپ ہجرتوں میں شمار ہوتی ہے۔
دن گزرتے ہیں۔
بادل آتے ہیں۔
طوفان مجھے گھیرتے اور دھکیلتے ہیں۔
کبھی میرے پروں میں درد اتر آتا ہے۔
مگر میرے اندر ایک نقشہ موجود ہے… ایک خاموش یقین۔
اور پھر ایک صبح، دور کہیں سبز زمین ابھرتی ہے۔
نیوزی لینڈ۔
میں سمندر کے اوپر آخری چکر لگاتا ہوں۔ میرے پروں میں تھکن ہے، مگر دل میں فتح کا احساس۔
میں یہ ںھی جانتا ہوں کہ چند مہینوں بعد یہی سفر مجھے دوبارہ کرنا ہوگا۔
کیونکہ میں صرف ایک پرندہ نہیں…
میں زمین پر زندگی کی اُس حیرت انگیز صلاحیت کی علامت ہوں جو ناممکن کو بھی ممکن بنا دیتی ہے۔
