شعور: ایک گہرا راز
شارق علی
ویلیوورسٹی
ایک لمحے کے لیے ذرا رک جائیے… اور اپنے اندر جھانکیے۔
یہ جو آپ محسوس کر رہے ہیں، سوچ رہے ہیں ، اس سارے عمل کو سمجھنے اور “جاننے والا” کون ہے؟
اپ کون ہیں؟
وہ جو سوچ رہا ہے اور محسوس کررہا ہے یا وہ جو آپ کو یہ سب کرتا مشاہدہ کر رہا ہے؟
اسی سوال سے شعور کی تلاش کی کہانی شروع ہوتی ہے۔
سادہ ترین لفظوں میں، شعور وہ کیفیت ہے جس میں ہم نہ صرف دنیا کو محسوس کرتے ہیں بلکہ اس بات سے بھی آگاہ ہوتے ہیں کہ ہم محسوس کر رہے ہیں۔ یہ صرف آنکھ کا دیکھنا نہیں، بلکہ “دیکھنے کا احساس” بھی ہے۔
سائنس ہمیں بتاتی ہے کہ ہمارا دماغ اربوں خلیات کا ایک پیچیدہ نظام ہے، جہاں برقی اور کیمیائی اشارے مسلسل گردش میں رہتے ہیں۔ مگر یہاں ایک بنیادی سوال جنم لیتا ہے۔
یہ مادی عمل آخر “تجربہ” کیسے بن جاتا ہے؟
اسی معمہ کو David Chalmers نے “ہارڈ پرابلم آف شعور” کہا۔ یعنی یہ سمجھنا کہ دماغی سرگرمی سے ذاتی احساس، جیسے درد، خوشی یا رنگ کا تجربہ، کیسے پیدا ہوتا ہے۔
کچھ حالیہ نظریات اس راز کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مثلاً
Integrated Information Theory
کے مطابق شعور وہاں ابھرتا ہے جہاں معلومات ایک مربوط اکائی بن جاتی ہے۔
جبکہ Global Workspace Theory شعور کو ایک اسٹیج قرار دیتی ہے، جہاں مختلف دماغی عمل ایک ساتھ سامنے آ کر ہمارے تجربے کا حصہ بنتے ہیں۔
کچھ مفکرین اس سے بھی آگے بڑھ کر یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا شعور محض دماغ کی پیداوار ہے… یا یہ کائنات کی ایک بنیادی خاصیت ہے؟
یہ تمام مباحث ہمیں ایک سادہ مگر گہرے احساس تک لے آتے ہیں۔
ہم جو کچھ بھی جانتے ہیں وہ ہمارے شعور کا مرہون منت ہے۔ گویا ہم شعور کے ذریعے اس دنیا کو سمجھتے ہیں مگر خود شعور اب بھی ہماری سمجھ سے باہر ہے۔
شاید شعور کوئی ایسا مسئلہ نہیں جسے حل کیا جاسکے…
بلکہ یہ ایک راز ہے جسے جتنا سمجھنے کی کوشش کی جاے یہ اتنا ہی گہرا اور ہماری سمجھ کی پہونچ سے دور ہوتا چلا جاتا ہے۔
