Skip to content
Home » Blog » مصنوعی ذہانت:انسانی ارتقا کا اگلا مرحلہ

مصنوعی ذہانت:انسانی ارتقا کا اگلا مرحلہ

  • by

مصنوعی ذہانت:
انسانی ارتقا کا اگلا مرحلہ

شارق علی
ویلیوورسٹی

انسانی تاریخ میں ہر بڑی ٹیکنالوجی نے صرف ہمارے اوزار نہیں بدلے بلکہ ہمارے سوچنے کے انداز کو بھی تبدیل کیا ہے۔ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) بھی شاید اسی سلسلے کی سب سے اہم پیش رفت ہے۔

میری نظر میں AI انسان کا متبادل نہیں بلکہ اس کی ذہنی صلاحیتوں کا ایک ارتقائی اضافہ (Evolutionary Extension of Human Intelligence) ہے۔

علمِ اعصاب ہمیں بتاتا ہے کہ دماغ ہر وقت اپنی توانائی بچانے کی کوشش کرتا ہے۔ اسی لیے جو کام بار بار دہرائے جائیں، وہ آہستہ آہستہ Automatic Processing کا حصہ بن جاتے ہیں۔ گاڑی چلانا، کی بورڈ پر ٹائپ کرنا، معمول کے حساب کتاب کرنا، معلومات تلاش کرنا یا روزمرہ کے فیصلے کرنا ایسے ہی کام ہیں۔ ان سرگرمیوں میں دماغ نسبتاً کم ذہنی توانائی صرف کرتا ہے۔

اس کے برعکس جب ہمیں کوئی نیا مسئلہ حل کرنا ہو، کوئی منفرد خیال پیش کرنا ہو، مختلف تصورات کو آپس میں جوڑنا ہو یا کسی پیچیدہ صورتِ حال کا تجزیہ کرنا ہو تو دماغ کے Executive Functions اور Working Memory زیادہ سرگرم ہو جاتے ہیں۔

یہی وہ صلاحیتیں ہیں جو تخلیقی سوچ، تحقیق، اختراع اور دریافت کی بنیاد بنتی ہیں۔ اگرچہ یہ عمل زیادہ ذہنی توانائی طلب کرتا ہے، لیکن انسانی تہذیب کی تمام بڑی کامیابیاں انہی صلاحیتوں کی مرہونِ منت ہیں۔

ذرا تصور کیجیے کہ ایک محقق کو کسی موضوع پر سو تحقیقی مقالات کا جائزہ لینا ہے۔ ماضی میں اس کا زیادہ تر وقت معلومات جمع کرنے اور انہیں ترتیب دینے میں صرف ہو جاتا تھا۔ آج AI چند منٹوں میں ان مقالات کا خلاصہ، تقابلی تجزیہ اور اہم نکات فراہم کر سکتی ہے۔ لیکن یہ فیصلہ کہ ان معلومات سے کون سا نیا نظریہ جنم لے سکتا ہے، کون سا سوال ابھی تشنۂ جواب ہے، اور آئندہ تحقیق کس سمت میں ہونی چاہیے، یہ کام اب بھی انسان ہی انجام دیتا ہے۔

اسی طرح ایک مصنف کے لیے AI حوالہ جات، اعداد و شمار، ابتدائی مسودہ یا زبان کی اصلاح میں بہترین معاون ثابت ہو سکتی ہے، لیکن کسی خیال کو انسانی تجربے، جذبات، بصیرت اور معنی سے بھر دینا اب بھی انسان ہی کی صلاحیت ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں انسان اور مصنوعی ذہانت ایک دوسرے کے حریف نہیں بلکہ بہترین شریکِ سفر بن جاتے ہیں۔

شاید مستقبل کی سب سے اہم تبدیلی یہی ہوگی کہ AI ہمارے ذہن پر پڑنے والا Cognitive Load کم کر دے گی، جبکہ انسان اپنی توانائی تخیل، اخلاقی شعور، سائنسی دریافت، فن، فلسفے اور نئے امکانات کی تلاش پر صرف کرے گا۔ دماغ کی ایک حیرت انگیز خصوصیت Neuroplasticity ہے، یعنی نئی ضروریات کے مطابق خود کو مسلسل ڈھالنے کی صلاحیت۔

اگر AI معمول کے ذہنی کام اپنے ذمے لے لیتی ہے تو انسان اپنی اعلیٰ ذہنی صلاحیتوں کو پہلے سے کہیں زیادہ ترقی دے سکتا ہے۔

پہلے ہم نے اپنے ہاتھوں کی طاقت بڑھانے کے لیے مشینیں بنائیں۔ پھر ہم نے اپنی جسمانی قوت میں اضافہ کرنے کے لیے صنعتی انقلاب برپا کیا۔ اب ہم اپنے ذہن کی وسعت بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت تخلیق کر رہے ہیں۔

شاید یہی انسانی تہذیب کے اگلے ارتقائی مرحلے کا آغاز ہے جہاں مشینیں انسان کی جگہ نہیں لیتیں بلکہ اسے پہلے سے زیادہ تخلیقی، زیادہ باشعور اور زیادہ بااختیار بنا دیتی ہیں۔

میری راے میں مصنوعی ذہانت کا اصل مقصد انسان کی جگہ لینا نہیں، بلکہ انسان کو اپنی بہترین صلاحیتوں تک پہنچنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *