Finding a job that matches your personal preferences, skills, interests, and values is not easy. Here are a few suggestions
نوکری کی تلاش ، فکر انگیز انشے ، شارق علی
کسی ایسے نوجوان کے لیے کہ جو اپنی تعلیم مکمل کر چکا ہو سب سے اہم بات یہ ہوتی ہے کہ وہ نوکری کیسے تلاش کرے ۔ آئیے اس اہم موضوع پر کچھ غورو فکر کریں ۔ اگر آپ ایک ایسا نوجوان ہیں جو کسی بڑے ادارے میں ملازمت کے خوائش مند ہیں تو سب سے پہلے آپ کے لئے اُس ادارے کی نوکری کی شرائط کو سمجھنا بے حد ضروری ہے. کیا وہ ادارہ چاہتا ہے کہ آپ اُس کا طلب کیا ہوا پورٹ فولیو مکلمل کریں ؟ اپنا رزیومے اور کورنگ لیٹر اُن تک پہنچائیں؟ اور ان تمام کاغذات کا معیار کیا ہونا چاہیے؟ کیا آپ اس ادارے یا اس سے ملتے جلتے کسی ادارے میں کام کرنے والے کسی ماہر سے واقف ہیں؟ ہو سکتا ہے وہ ان کاغذات کی تیاری میں آپ کے لیے مدد گار ثابت ہو ۔ آپ جب اپنے کاغذات اور درخواست تیار کر رہے ہیں تو اُس میں درستگی اور حسن کا بے حد خیال رکھیے ۔ متن میںکسی قسم کی غلطی نہ ہو . اور ان کاغذات کی پیشکش میں سلیقہ ، توازن اور حسن بہت ضروری ہے ۔ جب آپ نوکری کی تلاش میں نکلیں تو لوگوں سے اُس کا ذکر کریں ۔ اپنے تعلقات کو استعمال کرنے کی کو شش کریں. ناجائز طور پر نہیں بلکہ جائز اور اخلاقی طور پر مدد خاصل کرنے کے لیے اپنے قابل اعتماد استادوں سے ریفرینسزحاصل کیجیے ۔ اُن کی رائے ، اُن کی جان پہچان آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے . اگر آپ کسی پروفیشنل آرگنائیزیشن کے ممبر ہیں جو متعلقہ شعبہ میں اپنے اثرات رکھتی ہے تو وہاں پر ہونے والے مختلف سیمینارز اور میٹنگز میں آپ کو اُس شعبہ سے متعلق اور نوکری کے امکانات سے متعلق ضروری معلومات مل سکتی ہیں ۔ نوکری کی تلاش میں مایوسی کفر ہے. ہو سکتا ہے آپ کو وقت لگے اور ہر نئے نوجوان کو وقت لگتا ہے ۔ اُسے جدوجہد سے گذرنا پڑتا ہے. لیکن خود کو یقین دلا دیجیے کہ آپ کسی صورت مایوس نہیں ہوں گے. اگر آپ کو انٹر ویو کے یے بلایا جائے تو اُس کی خوب تیاری کیجیے. اُس وقت تک جب تک کہ آپ اُس شعبہ کے پروفیشنل دکھائی دینے لگیں. جس شعبے میں انٹرویو کے لیے جا رہے ہیں اُس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کیجیے . شرمانا اور جھجکنا چھوڑیے ۔ بھرپور محنت اور تیاری سے خود کو پُر اعتماد بنائیے. اور یہ مسلسل پریکٹس ہی سے ممکن ہے. نوکری حاصل کرنے کے لیے کمیونیکیشن سکلز انتہائی اہم ہیں . اور یہ مسلسل پریکٹس ہی سے حاصل ہو سکتی ہیں ۔ اپنی گفتگو ، اپنے طرز عمل کو ادارے کی توقعات کے مطابق ڈھالیے. تہذیب ،شائستگی ، ذہانت اور خود اعتمادی آپ کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں . اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پہلا تاثر انتہائی اہم ہوتا ہے. آپ کا مہذب اور پُر اعتماد انداز ، بدن کی بولی اور کمیونیکیشنز سکلز آپ کی قابلیت کا اظہار ہیں درخواست دینے کے عمل میں اور پھر انٹرویو کے دوران آپ کو چاہیے کہ جو کچھ ممکن ہو سکے اپنی بساط کے مطابق آپ ضرور کیجیے . لیکن ان مرحلوں سے گذرنے کے بعد خود کو ذہنی طور پر مثبت رکھیے. یا تو آپ یہ نوکری حاصل کر لیں گے یا اس سے بھی بہتر نوکری آئندہ آپ کی تلاش میں ہے. ان چند گذارشات کے بعد اب آپ سے اجازت . اپنا خیال رکھیے گا۔—– ویلیوورسٹی ، شارق علی