Skip to content
Home » Blog » مقصدیت سے جڑیے ، بیان مقصد لکھیے، ابتدائیہ، انشے ورکشاپ، پہلا انشا Power of purpose, Inshay serial workshop, Introduction, Part 1

مقصدیت سے جڑیے ، بیان مقصد لکھیے، ابتدائیہ، انشے ورکشاپ، پہلا انشا Power of purpose, Inshay serial workshop, Introduction, Part 1

Join the power of purpose. This inshay serial workshop is designed to help you write a personal mission statement containing purpose, direction, and priorities in your life

کیا ہم زندگی کی مقصدیت سے جڑنا چاہتے ہیں؟  اگر ہاں تو یہ انشے سیریل ورکشاپ بیان مقصد یا مشن سٹیٹمنٹ لکھنے میں مددگار ہو گی. یعنی ایک ایسی ذاتی تحریر جس میں ہم اپنی زندگی کے مقصد ، اپنے سفر کی سمت  اور زندگی میں کیا اہم ہے اور کیا نہیں کی سادہ لفظوں میں وضاحت کر سکتے ہیں ، اسے سمجھ سکتے ہیں

مقصدیت سے جڑیے ، بیان مقصد لکھیے، ابتدائیہ ، انشے ورکشاپ، پہلا انشا ، شارق علی
میں اور آپ آج ، بلکہ اس لمحے ، ایک سفر کا آغاز کرنے والے ہیں، میں آپ کو اپنے ساتھ یہ سفر شروع کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ سفر انتہائی ذاتی اور اہم ہے. میرے لیے بھی، کیونکہ اس کا تعلق میری زندگی سے ہے۔ اور زندگی کی جدوجہد میں شریک ہونے اور حصہ دار بننے کی آرزو سے بھی۔ یہ سفر آپ کے لیے بھی ذاتی اور اہم ہے۔ کیونکہ اس کا تعلق آپ کی زندگی سے بھی ہے، آپ کی آرزوئوں سے بھی اور آپ کی اُمیدوں اور اُمنگوں سے بھی۔ یہ تحریر آپ کی خوشی اور کامیابی کی ضمانت ہے۔  اس کا تعلق آپ کی طاقت سے ہے۔  وہ طاقت جس کی مدد سے آپ آئندہ آنے والی زندگی کو تشکیل دے سکتے ہیں۔ یہ سفر ایک سچے مقصد کی تلاش کا سفر ہے اور اس کا تعلق زندگی میں حصہ دار بننے اور شراکت داری کے باوقار عزم سے ہے۔  اس سفر میں ہم اُس خوبی اور اس خاص تحفے کو تلا ش کریں گے کہ جو اس دُنیا کو اور اس زندگی کو صرف اور صرف آپ دے سکتے ہیں۔  اس کا تعلق ہمارے کردار سے ہے۔ ہماری ذاتی حرمت اور اپنے ساتھ دیانت دار ہونے اور سچی دوستی اور سچے ساتھ سے۔ میں اس سفر میں ہمت کی بات کروں گا، استقامت کی اور اپنی آرزو اور اپنے خواب میں خود کو گُم کردینے کی ۔  اور ان سب سے بڑھ کر ہمارے اس سفر کا تعلق محبت سے ہے۔ اس ورکشاپ کا صرف ایک مقصد ہے. آپ کو اپنے خوابوں کی تلاش میں مدد دی جائے۔ اُن کی آبیاری کی ہمت دی جائے اور آپ کو قائل کیا جائے اُس زندگی کے لیے کہ جو آپ کا حق ہے۔ لیکن جسے گزارنے کے لیے اب تک آپ نے محض خواب دیکھے ہیں۔ یہ ورکشاپ اُن خوابوں کی عملی تجسیم کی جانب ایک قدم ہے۔ اس سفر کے دوران جو راستہ ہم اختیار کریں گے وہ ہے خود شناسی کا راستہ ، اپنے آپ سے واقف ہونے اور اپنے آپ کو بہتر طور پر سمجھنے کا راستہ، خود کو منظم کرنے کا راستہ، دانائی اور تکمیلِ ذات کی طرف لے جانے کا راستہ .  اور جو طریقۂ کار ہم اختیار کریں گے  وہ کچھ ایسا ہے جیسے مصروف تر زندگی سے وقت نکال کر کسی ایک خاموش اور پرسکون گوشے میں بیٹھ کر خود اپنے آپ سے باتیں کی جایں ، خود کو سمجھنے اور دریافت کرنے کی کوشش کی جاے ۔ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد آپ کو مقصدیت کی طاقت سے واقف کرنا ہے اور میں اِسے اپنی انتہائی کامیابی سمجھوں گا۔ اگر آپ اس کے اختتام پر اپنا بیانِ مقصد یا مشن اسٹیٹمنٹ لکھنے کے قابل ہوسکیں۔ اس ورکشاپ سے فائدہ اٹھانے کے لئے آپ کو  قلم ، ذاتی نوٹ بک ، پر سکون گوشہ اورکچھ دیر کی توجہ درکار ہو گی . ہم اس ورکشاپ کے بنیادی فلسفے تک پہنچنے سے پہلے زندگی کے چند اہم پہلوئوں پر غور و فکر کریں گے ۔ اور یہ پہلو ہیں کامیابی اور خوشی کا تصور، مشکل حالات اور تقدیر، شخصی ذمہ داری اور مثبت سوچ کا انداز ۔ اور اس کے بعد ہم مقصدیت کی طاقت سے متعارف ہوتے ہوئے اپنے بیانِ مقصد کی وضاحت کرسکنے کے قابل ہوں گے۔  یہ ایک بہت دلچسپ مگر محنت طلب ذہنی کام ہے۔ اس کام کے دوران کئی دفعہ ایسا ہوگا کہ آپ خود کو اپنے آپ سے علیحدہ کرکے اپنی ذات اور زندگی کا مطالعے کریں گے ۔ ہوسکتا ہے بعض اوقات آپ کو یہ محسوس ہو کہ جیسے آپ آرام کررہے ہیں۔ کشمکشِ وقت سے ذرا بچ کے پُرسکون ، آرام دہ سوچ و بچار.  شاید آپ کو کچھ دیر کے لیے اپنے ذہن پر حاوی منفی اثرات سے بچ نکلنے کا بھی احساس ہو۔ خوشگوار ہوا میں سانس لینے کا احساس ہو۔  ورکشاپ کے دوران میں کہیں کہیں  آپ سے سوالات کروں گا۔  آپ سے ترجیحات کی فہرست بنانے کو کہوں گا . اور یہ مناسب ہوگا کہ آپ یہ سب اور اپنے خیالات ایک مخصوص نوٹ بُک میں درج کریں اور اس سارے عمل کے دوران یکسو ہوسکیں۔ ذہنی طور پر، جذباتی طور پر اور جسمانی طور پر بھی۔ یہ بات آپ کے لیے بہت مفید ہوگی کہ اگر آپ اس پروگرام کے دوران وقتاً فوقتاً اس ریکارڈنگ کو روک دیں۔ اور اپنے ذہن میں اُبھرنے والی سوچوں کو اپنی نوٹ بُک میں لکھیں، اُنہیں ترتیب دیں اور اُن میں ربط تلاش کریں۔ آپ ایسا جب چاہیں کرسکتے ہیں۔ اس سارے عمل کے لئے ظاہر ہے کہ آپ کو فرصت درکار ہوگی اور ایک پُرسکون گوشہ بھی۔ میں آپ سے صرف اتنا کہوں گا کہ اپنی ذہنی نشو و نما کے لیے خود کو وقت دیجئے۔ خود اپنے انداز میں اپنی رفتار کے مطابق زندگی میں سیکھنے اور آگے بڑھنے کے عمل کو اختیار کیجئے۔  ہم انسانوں کو وسعتِ نظر حاصل کرنے کے لیے آزادی درکار ہوتی ہے۔ اور پھر اس سارے عمل کا فائدہ یہ ہوگا کہ ہم خودشناسی اختیار کرسکیں گے، اپنے آپ کو مرتب، منظم اور مضبوط بنا سکیں گے۔ جو کامیابی اور خوشی کے لیے بنیادی شرط ہے—- جاری ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *