غالب اور سر سید: روایت اور جدّت کا مکالمہ
شارق علی
ویلیوورسٹی
انیسویں صدی کا ہندوستان ایک عجیب موڑ پر کھڑا تھا۔ ایک طرف ماضی کی عظمت کا بوجھ، اور دوسری طرف مستقبل کے لیے نئی راہوں کی تلاش۔ سوال تھا: آگے کیا؟
اسی پس منظر میں ہماری تاریخ کی دو غیر معمولی شخصیات آمنے سامنے آتی ہیں. غالب اور سر سید۔
دونوں اپنے اپنے انداز میں عظیم، مگر خیالات میں دلچسپ تناؤ لیے ہوئے۔ یہ پرسنلٹی کلیش دراصل ایک پورے عہد کی کشمکش کی نمائندگی کرتا ہے۔
جب سر سید احمد خان نے اپنی مشہور کتاب آثارالصنادید کے لیے مرزا غالب سے دیباچہ (Foreword) لکھنے کی درخواست کی، تو غالب نے ان کی یہ درخواست قبول کی، لیکن ایک ایسا متن لکھا جو محض تعریف نہیں بلکہ پڑھنے والوں کے لیے ایک فکری چیلنج تھا۔
غالب نے اپنی تحریر میں ماضی کی عظمت کی سمت دیکھنے کے بجائے حال اور مستقبل کے امکانات کی طرف دیکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اصل ترقی اس میں ہے کہ ہم انگریزوں سے سیکھیں۔ خاص طور پر سائنس اور جدید علوم سے۔
یہ بات سر سید احمد خان کو ناگوار گزری، کیونکہ اس وقت وہ اپنے فکری ارتقا کے لحاظ سے ماضی کی تہذیبی عظمت کو اجاگر کرنے کے مرحلے میں تھے۔
چنانچہ انہوں نے غالب کا وہ دیباچہ اپنی کتاب میں شامل نہیں کیا۔
یہ واقعہ دونوں کے درمیان ایک فکری فاصلے کی علامت بن گیا۔ غالب ایک آزاد فکر نقاد کے طور پر، اور سر سید ایک محتاط مصلح کے طور پر۔
ادبی روایت میں دہلی کی سرائے اور شراب کی بوتل کے حوالے سے ایک دلچسپ واقعہ، بلکہ لطیفہ گوئی کیجیے، کا ذکر بھی ملتا ہے، اگرچہ اس واقعے کی مستند تاریخی تصدیق دستیاب نہیں۔
غالب اور سر سید کا تعلق صرف فکری اختلاف تک محدود نہ تھا، بلکہ اس میں انسانیت، محبت اور ہلکی سی شوخی بھی شامل تھی۔
ایک روایت کے مطابق، جب مرزا غالب دہلی میں کسی کام کے سلسلے میں ایک سرائے میں مقیم تھے، تو سر سید کے علم میں یہ بات آئی۔ انہوں نے اصرار کیا اور غالب کو اپنے گھر قیام کے لیے لے آئے اور ایک کشادہ کمرے میں ان کے رہنے کا انتظام کیا۔
مرزا غالب نے اپنا سامان آراستہ کیا تو شراب کی بوتل ایک نمایاں جگہ پر رکھ دی، جہاں سے آنے جانے والوں کی نظر پڑنا عین ممکن تھا۔
جب غالب کسی کام سے باہر گئے ہوئے تھے، تو سر سید نے اس بوتل کو وہاں سے اٹھا کر عقبی کمرے میں کسی جگہ چھپا دیا۔
غالب واپس آئے تو انہوں نے بوتل کے بارے میں استفسار کیا:
“میری بوتل کہاں گئی؟”
سر سید نے نرمی سے جواب دیا:
“محفوظ ہے مرزا صاحب، آپ فکر نہ کریں۔”
غالب کے اصرار پر جب انہیں وہ بوتل پیش کی گئی تو غالب نے بوتل ہاتھ میں تھامی، مسکرا کر سر سید کی جانب دیکھا اور کہا:
“مجھے اس بوتل میں کچھ خیانت کا شبہ محسوس ہو رہا ہے۔”
سر سید، اپنی سنجیدہ طبیعت اور مذہبی رجحان کے باعث کچھ شرمندہ ہوئے، ذرا جھجکے اور خاموشی اختیار کر لی۔
یہ جملہ نہ صرف غالب کی بذلہ سنجی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ دونوں کے تعلق کی گرمجوشی کو بھی۔ جہاں فکری اختلاف کے باوجود باہمی تعلق برقرار تھا۔
اگر ہم ذرا گہرائی میں جا کر دیکھیں تو غالب اور سر سید دراصل ایک ہی سوال کے دو جواب اور ایک ہی مقصد کے حصول کی دو مختلف راہیں تھے۔
غالب: آزاد خیال، تنقیدی ذہن، روایت سے آگے دیکھنے والے۔
سر سید: ایک عملی مصلح، تدریجی تبدیلی کے قائل، قوم کی اجتماعی رہنمائی کرنے والے۔
غالب نے سوال اٹھائے، سر سید نے جواب کی تلاش میں ایک مربوط نظام تشکیل دیا۔
غالب نے ذہنوں کو جھنجھوڑا، سر سید نے معاشرے کو سنبھالنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔
ان دونوں شخصیات کا باہمی تعلق ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ اختلاف ہمیشہ منفی نہیں ہوتا، بلکہ نکتۂ نظر کا اختلاف ہی ایک قوم کے فکری ارتقا کا ذریعہ بنتا ہے۔
آج جب ہم جدید دنیا میں اپنی قومی اور ثقافتی شناخت تلاش کر رہے ہیں، تو شاید ہمیں پھر سے غالب کی بے باکی اور سر سید کی حکمت درکار ہے۔
