Let’s go to Amsterdam together and have a selfie with Tulips
سیلفی ، دوسرا انشاء ، ہوف ڈورپ میں چار دن ، انشے سفرنامہ ، شارق علی ، ویلیوورسٹی
اوپر ٹیکسی اپنے وقت پر پہنچ گئی . ٹھیک دس منٹ بعد ہم اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پہنچے اور سیکیورٹی کے مراحل سے گزر کر ویٹنگ لاونچ میں بیٹھے متعلقہ گیٹ کے اناونس ہونے کا انتظار کرنے لگے . ایزی جیٹ کی یہ فلائٹ بلفاسٹ سے لندن آ کرایمسٹرڈیم جانے کے لئے آدھا گھنٹہ لیٹ ہے اور ہم وقت پر پہنچ گئے ہیں. آئیے کچھ فرصت ہے تو ایک نظر ایئرپورٹ کی رونق پر ڈال لی جاے . جس پائن کی لکڑی سے بنی خوبصورت بینچ پر ہم بیٹھے ہوے ہیں وہ مسافروں کی آتی جاتی متلاطم لہروں کے بیچ کسی پر سکون جزیرے کی مانند ہے . دونوں اطراف سیاحوں کی بہتی لہروں کے کناروں پر بے حد سجی سجای فیشن ایبل اور مشہور دکانوں کا دور تک جاتا سلسلہ ہے . آئیے پریٹ اے منگر کی دکان سے دال اور سبزیوں بھرا سینڈوچ اور سیب کا رس لے آتے ہیں. نانانا دل ہی دل میں پونڈ کو روپوں میں تبدیل کرنے کی عادت اب چھوڑ دیجیے . خود کو ازیت دینے کا فائدہ ؟ ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ تازگی اور ذائقے کا لطف اٹھایے . کیا خیال ہے ایک سیلفی نا ہو جاے ؟ ارے یہ کیا . مانیٹر پرفلائٹ اور گیٹ نمبر چمکنے لگا . جلدی کیجیے ان بجٹ ایئر لائنوں میں ہر چیز پہلے پہل کر لینا محفوظ ہوتا ہے . چلیے آخر کار ایزی چیٹ کے کھچا کھچ بھرے بوئنگ طیارے میں ہمیں آپ کو ساتھ ساتھ سیٹ مل ہی گئی . جہاز نے ٹیکسی کرنا شروع کیا اور نارتھ سی عبور کرتے ہوے لندن سے صرف پینتالیس منٹ کی پرواز کے بعد ایمسٹرڈیم کا فضائی منظر ہماری آنکھوں کے سامنے ہے . سطح سمندر سے نیچے واقعے سر سبز و شاداب اور بے حد جدید شہر ایمسٹرڈیم . امسٹل دریا اور اس سے جڑی ایک سو پینسٹھ نہریں شہر کی عمارتوں اور ترتیب کے حسن سے سجے مستطیل سر سبز کھیتوں کے درمیان سے گزرتی ہیں اور ان پر تعمیر شدہ چھوٹے بڑے بہت سے پل اسے ایک منفرد شہر بناتے ہیں. نہر کے کناروں پر آباد آہستہ آہستہ دھنستی عمارتیں جنھیں محو رقص گھروں کا حسین نام دیا گیا ہے اور ان نہروں کے کنارے ہچکولے کھاتے ڈھائی ہزار کشتی گھر اور ان میں چھٹیاں مناتے امیروں کے نخرے . ہماری خوش قسمتی کے آج کا دن بہت روشن ہے اور آپ کی اس شہر سے پہلی نظر میں محبت سمجھ میں آتی ہے . جہاز آہستگی سے ایمسٹرڈیم کے سخیفول ایئر پورٹ پر اترا اور متعلقہ گیٹ کے نزدیک جا کر کھڑا ہو گیا. ہارلیم جھیل کو تقریباً سو سال پہلے خالی کر کے بنایا گیا یہ ائیرپورٹ دنیا بھر میں سطح سمندر سے نچلا ترین ہوائی اڈہ ہے.یہ دنیا کے اٹھانوے ممالک سے پروازوں کے ذریعے جڑا ہے جس کے پرانے کنٹرول ٹاور کو اب ایک ریستوران بنا دیا گیا ہیے . سب مسافر جہاز سے باہر آئے اور ہم پاسپورٹ کنٹرول کے کے مرحلے سے تیزی سے گزر گئے کیونکہ برطانیہ ابھی تک یورپی یونین کا حصہ ہے، ساری کاروائی محض رسمی تھی. سخیفول ایک جدید ایئرپورٹ ہے جہاں ہر دم دنیا بھر کے سیاحوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے. ارے وہ دیکھیے اس خوبصورت دکان پر کیسے رنگارنگ شیشے کے بنے ٹیولپ کے پھولوں کی بہار ہے . یہاں تو سیلفی بنتی ہے …… جاری ہے