Holland is the country with the tallest average human height in the world and besides, it is so beautiful
دراز قد ، دسواں انشا ، ہوف ڈورپ میں چار دن ، انشے سفرنامہ ، شارق علی ، ویلیوورسٹی
گروسری سٹور سے باھر آے تو سامنے چوڑے کونکریٹ ٹائلوں سے ڈھکا کشادہ میدان تھا اور پس منظر میں شاپنگ سنٹر کی کئی منزلہ جدید کتھئی رنگ کی عمارت. اوپری منزل پر رہائشی فلیٹوں کی قطار جن کی کھڑکیوں سے تازہ پھولوں سے لدے گملے لٹک رہے تھے . گروسری سٹور میں پھلوں کی افراط دیکھ کر یاد آیا تھا کہ ہالینڈ چھوٹا سا ملک ہونے کے باوجود دنیا بھر میں غذائی اشیا کی ایکسپورٹ میں دوسرے نمبر پر ہے . جا بجا سجے پھولوں کو دیکھ کر ٹیولپ کے حوالے سے اس کی عالمی شہرت کا خیال آیا . یاد رہے ٹیولپ مقامی پھول نہیں بلکہ ترکی سے لایا سلطنت عثمانیہ کا تحفہ ہے جسے ولندیزیوں نے بہت پیار سے پال پوس کر اپنایا اور بام عروج پر پوھنچایا ہے. آج ہالینڈ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ٹماٹر اور ٹیولپ ایکسپورٹ کرنے والا ملک ہے. کچھ فاصلے پر میدان کے ایک کونے میں سڑک کا رخ کیے سات میٹر اونچا المونیم کے چھوٹے بڑے گولوں کی مدد سے فنکارانہ انداز میں بنایا گیا آدمی نما روبوٹ کا مجسمہ نظر آیا. اسے ہوف ڈورپ کی علامت سمجھا جاتا ہے. ایک مقامی فنکار کا اپنے ٹاؤن کے لئے فنکارانہ خراج تحسین . شاپنگ سینٹر میں داخل ہوے تو سجی سجائ دکانیں ویسی ہی تھیں جیسی تمام جدید شہروں میں ہوتی ہیں لیکن کشادگی اور انتظام ایسا کہ خریداروں کی بھاگ دوڑ کہیں نظر نہیں آئ . ہر طرف سکون اور شائستگی بھرا اطمینان تھا. یہاں میدان میں ہرجمعہ کو مقامی کسانوں کی ہفتہ وار مارکیٹ لگتی ہے . آرزو تو ہماری بھی تھی کے گھنٹہ دو گھنٹہ پھلوں ، سبزیوں ، پھولوں، مچھلی اور پنیر سے بھرے اسٹالوں پر گزارتے لیکن کل واپسی کی فلائٹ کا ٹائم اس کی اجازت نہ دیتا تھا. ارے وہ دیکھیے ترکش حلال ریستوران . چار چار سفید کرسیوں اور خوبصورت میز سے آراستہ اور واجبی سا مصروف. جا بجا رکھے ان ڈور پلانٹس کے گملوں نے پورا ماحول شاداب کر دیا ہے . دھیمی مغربی موسیقی اور دیواروں پر آویزاں ریمبراں کی خوبصورت تصویروں کے فوٹو بھی . کونے میں کیش کاؤنٹر جس کے سامنے شیشے کے شوکیس میں کھانے پینے کی اشیا پرکشش انداز میں سجی ہوئی ہیں . کاؤنٹر پر کھڑی قدرے دراز قد اوردلکش صورت میزبان کو کھانے کا آرڈر ضرور دیجیے لیکن گفتگو کو بلا وجہ طول دینا مناسب نہیں. یقین مانیے یہ حسین مسکراہٹ اور دکاندارانہ خوش مزاجی اس کے روز کا معمول ہے اور آپ کی مردانہ وجاہت سے اس کا کوئی تعلق نہیں . چلیے اس کونے کی ٹیبل پر بیٹھ کرمرغی کے ابلے ٹکڑے بھرے سیڈڈ بریڈ برگر ، سوپ اور سلاد کا انتظار کیے لیتے ہیں . جہاں تک ویٹریس کے آپ سے زیادہ لمبے ہونے کے ملال کی بات ہے تو حوصلہ رکھیے ولندیزی دنیا میں سب سے زیادہ درازقد قوم ہیں .یہ مختلف ثقافتوں کو اپنے اندر سمولینے اور اپنی آزاد خیالی کی وجہ سے مشہور ہیں . مثال کے طور پر ہم جنس شادی کو قانونی حیثیت دینے والا یہ دنیا کا پہلا ملک ہے . بعض حالات میں خود اپنی مرضی سے اپنی جان لینا غیر قانونی نہیں . اگر یہاں کسی کے پاس پانچ گرام سے کم کی چرس برامد ہو تو سوائے ضبطی کے کوئی اور سزا نہیں. یہ یورپی یونین قائم کرنے والے چھ ابتدائی ملکوں میں شامل تھا . دیوار پر لگی ریمبراں کی مشہور زمانہ پینٹنگز کے فوٹو تو ذرا دیکھیے . جی کیا کہا. اس کا تعارف؟. وہ سولہ سو چھ میں ہالینڈ کے شہر لیڈن میں پیدا ہوا اور تریسٹھ سال کی عمر میں ایمسٹرڈیم میں دنیا سے رخصت ہوا .وہ سامنے لگی نائٹ واچ اور مشہور زمانہ سلف پورٹریٹ اس کی وجہ شہرت ہیں . شروع جوانی ہی میں اس کی ایک آرٹسٹ کی حیثیت سے خداداد صلاحیت سب پر ظاہر ہو گئی تھی . پچیس سال کا ہوا تو ایمسٹرڈیم آ کر پورٹریٹ بنانے کا کام پروفیشنل انداز میں شروع کیا اور خوب نام اور پیسہ کمایا …….. جاری ہے