A city by the sea yet encircled by wooded mountains. and praised for its gorgeous architecture
بارسلونا ایک جھلک ، انشے سفرنامہ ، خوش آمدید ، پہلا انشا، شارق علی ، ویلیوورسٹی
ڈیپارچر لاؤنج میں حسب معمول فلائٹ روانگی کے انتظار کا موسم ہے . میں اور آپ ایک نا آشنا شہر کے کوچہ و بازار، بسنے والوں ، معاشرت اور تاریخ سے متعارف ہونے کا اشتیاق دل میں لئے خاموش ہیں . کسی اجنبی سے ملاقات ٹہرے تو پہلے سے اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے کہ یہ محبت کا آغاز ہو گا یا پچھتاوے کا. ارد گرد بھانت بھانت کے سیاحوں کا ہجوم ہے . ادھر سے ادھر جاتے ، کرسیوں پر بیٹھے انتظار کرتے ، نیم دراز، کچھ فرش پر سوتے، دکانوں میں خریداری کرتے، ریستورانوں میں کھاتے پیتے یا محض فون کو تکنے میں مصروف . ہر چہرہ ایک کہانی. ہر منظر زندگی کے ڈرامے کی جھلک . وہ سامنے دو نوجوان لڑکیوں کا آپس میں گلے مل کر دوستی کی تجدید . ادھر کونے میں عمر رسیدہ رفاقت کا مسکرا کر محبوب شانہ تھپتھپانا . شاید بدن کی بولی ہی ہم انسانوں کے جذبوں کی بنیادی ترجمان ہے . ممکن ہے جب وسائل تسخیر ہو چکے ہوں، جنگیں ممکن نہ رہیں تو بدن بولی مجسم محبت بن جاے . خدشہ یہ ہے کہ انسانی تنگ نظری پہلے ہی کوئی کاری وار نہ کر جاے . آفاقی محبت اور انصاف کی دریافت سے پہلے یہ دنیا ماحولیاتی یا ایٹمی تباہی کا شکار نہ ہو جاۓ . چلیے اٹھیے بارسلونا جانے والی ایزی جیٹ کی فلائٹ کی روانگی کا اعلان ہو چکا. بوئنگ سیون تھری سیون کے طیارے میں یہ برابر کی سیٹیں خاصی آرامدہ ہیں . تو جناب آپ کو میرے ساتھ خوبصورت ساحل اور حیران کر دینے والے تعمیراتی حسن سے سجے شہر بارسلونا کو روانگی مبارک ہو . سپین کے صوبےکیٹلونیا کا دارالحکومت بارسلونا جو میڈیٹرینین کے حسین ساحل پر پیرونیز پہاڑیوں کے دامن میں آباد ہے . انیس سو بانوے کے اولمپکس نے اس شہر کی آرائش میں بے حد اضافہ کیا تھا . یہاں کے باغات اور ساحل سمندر کی از سرنو تعمیر اور آرائش نے اسے دنیا بھر کے سیاحوں کا محبوب شہر بنا دیا ہے . آبادی کے لحاظ سے سپین کا دوسرا بڑا شہر ہے یہ . اس کے کوچہ و بازار انیسویں صدی کے موڈرنسٹ ماہر تعمیرات انٹونیو گاوڈی کے کمال فن کی یاد دلاتے ہیں . انہیں عمارتوں میں سے ایک مشہور زمانہ چرچ سگراڈا فمیلیا ہے جسے بارسلونا کی علامت کہا جائے تو غلط نہ ہو گا . لندن سے چلی یہ فلائٹ دو گھنٹے طویل ہے . آپ کچھ دیر آرام کر لیں . کیا کہا آئس ٹی پیئں گے آپ . یہ بجٹ ایئر لائن ہے جناب . نکالیے تین یورو . دیکھیے پتہ بھی نہیں چلا اور اب طیارہ لینڈ کرنے کے لیے فضا میں چکر لگا رہا ہے . نیچے دور تک پھیلا نیلا سمندر ہے اور کہیں کہیں نظر آتے بحری جہاز . وہ دیکھیے ساحل سمندر کے کنارے ہلکی اونچی پہاڑیوں میں بکھری چھوٹی آبادیوں کے آثار . جہاز اور نیچے آیا تو پہاڑیوں کے دامن میں دور تک پھیلے کھیت اور سبزہ زار نظر آ نے لگے . طیارہ موڑ مڑ کر لینڈنگ کے لئے مزید اترائی کرنے لگا تو سمندر کے کنارے آباد بار سلونا کی جدید بندرگاہ کا منظر کھلا . اپنی اپنی برتھ پر لنگرانداز رنگ برنگے چھوٹے بڑے بحری جہازوں کی قطاریں اور اتارے ہوۓ کنٹینرز سے سجے وسیع میدان . پھر کچھ اورکھیت اور مکانات اور پھر رن وے سے پہلے گھاس کا میدان . پہیوں نے گڑگڑاہٹ کے ساتھ زمین کو چھوا اور اب ہم بارسلونا ائیرپورٹ پر اتر چکے ہیں . جہاز سے باہر ایک بس ہمارا انتظار کر رہی ہے . مسافر سامان سمیت بیٹھ چکے تو کوئی آدھا میل دور امیگریشن لاؤنج میں پہنچے . لائن زیادہ لمبی نہیں . تقریبا بیس منٹ بعد باری آئی . امیگریشن کے مرحلے کے بعد کسٹمز کے گرین چینل سے گزر کر رخصتی ہال میں داخل ہوے . ہوٹل پوھنچنے سے پہلے رات کے کھانے کا انتظام بھی کر لیا جاے تو مناسب ہو گا کیونکہ بکنگ میں صرف ناشتے کا وعدہ ہے دیگر کھانوں کا نہیں . اچھا کیا آپ نے ہال کے کونے میں بنے کیفے سے ٹونا سینڈوچ ، سلاد ، ڈينش پیسٹری اور پانی کی بوتلیں خرید کر . یہ ٹیکسی تو بہت آرام دہ ہے . ائیرپورٹ کی حدود سے باہر نکلتے ہی ہائی وے پر فراٹے بھرنے لگی . کھڑکی سے باہر تو ذرا دیکھیے . تین طرف ہلکی پہاڑیوں اور ایک جانب ساحل سمندر سے گھرا اسپین کا جدید شہر بارسلونا کہ رہا ہے خوش آمدید ………… جاری ہے