Skip to content
Home » Blog » آسٹریا کہانی: ویانا کے قلب میں

آسٹریا کہانی: ویانا کے قلب میں

  • by

چھٹی قسط

شارق علی
ویلیوورسٹی

ہم ویانا کے سٹی سینٹر (Innere Stadt) کے قلب میں کھڑے ایک دوسرے سے بحث میں مصروف تھے۔ مونا کے آئی فون کے گوگل میپ اور میرے اینڈرائیڈ کے بتائے ہوئے راستے میں کچھ فرق تھا۔ شاید یہ لکھنے کی ضرورت نہیں کہ آئی فون نے اپنی بات منوا لی۔ دنیا اور گھریلو امن کے لیے امریکی سپرمیسی کو تسلیم کرنا ہی عقلمند پالیسی ہے!

ہم دونوں البرٹینا میوزیم کی جانب ہم آہنگ قدم بڑھانے لگے۔ ویانا کی شہری گہماگہمی اپنے عروج پر تھی۔ اس شہر کی گلیوں اور بازاروں میں شاہی تاریخ اور جدید طرزِ زندگی ایک ساتھ سانس لیتے ہیں۔ گلیاں حیرت انگیز طور پر منظم، سیدھی اور کشادہ تھیں، جیسے کسی آرٹسٹ کے ہاتھوں کھینچی گئی لکیریں۔ سینٹ اسٹیفن کیتھیڈرل کے قدیم مینار اور ہوفبرگ پیلس کی شاندار دیواریں اس شہر کی تاریخی گہرائی کو ظاہر کر رہی تھیں، جبکہ اردگرد جدید طرز کے کیفے، فیشن ایبل بوتیک، اور آرٹ گیلریاں یورپی ثقافت کی ہم آہنگی کا اظہار کر رہی تھیں۔

فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کی تعداد مناسب اور خوش رنگ تھی۔ لندن اور پیرس کے گلی بازاروں کی طرح ہر جانب بے ہنگم بھیڑ نہ تھی۔ سائیکل سواروں اور ٹراموں کی گزرگاہیں ایک متحرک منظر پیش کر رہی تھیں۔ سڑکوں کے کنارے موجود کیفے اور ریستورانوں کے سامنے سجی میزوں پر لوگ کافی اور اپنے مخصوص مشروبات لیے گفت و شنید میں محو تھے۔ شاپنگ مراکز اور بوتیک دکانیں خریداروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں مصروف تھیں۔

کسی ثقافتی مرکز میں غالباً فنونِ لطیفہ کی کوئی نمائش جاری تھی۔ دروازے پر خاصا رش تھا، جس سے اندازہ ہوا کہ ویانا کا یہ مرکزی حصہ نہ صرف گہماگہمی سے بھرپور تھا بلکہ ثقافتی تنوع کے باعث منفرد اور دلکش بھی نظر آ رہا تھا۔

ویانا دنیا کے ان چند شہروں میں سے ایک ہے جہاں زندگی گزارنے کی بہترین سہولیات میسر ہیں۔ یہاں کی پبلک ٹرانسپورٹ بے مثال ہے، سڑکوں کی صفائی اور ماحول کی تازگی عالمی معیار پر تسلیم شدہ ہے، جبکہ شہریوں کے لیے صحت اور تعلیم کی اعلیٰ سہولتیں اسے ہر لحاظ سے ایک بہترین شہر بناتی ہیں۔ نلوں سے بہتا پانی براہ راست الپس کے چشموں سے آتا ہے، اور شہر کے اندر موجود انگور کے باغات اس منفرد حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ یہ دنیا کا واحد دارالحکومت ہے جہاں شراب کے انگور مقامی سطح پر کاشت کیے جاتے ہیں۔

ہم آہستہ آہستہ البرٹینا میوزیم کی طرف بڑھ رہے تھے کہ بائیں جانب اسٹیٹ اوپیرا ہاؤس (Vienna State Opera) کی شاندار عمارت دکھائی دی۔ یہ دنیا کے چند بہترین اوپیرا ہاؤسز میں سے ایک ہے، جس کا اسٹیج انجینئرنگ کے ایک شاہکار سے کم نہیں۔ دو تین فلور پر سجا سیٹ اپ حسبِ ضرورت اوپر نیچے تبدیل ہو سکتا ہے، جو دیکھنے والوں کو حیران کر دیتا ہے۔ یہاں ہر سال سیکڑوں موسیقی اور اوپیرا کے پروگرام منعقد ہوتے ہیں، جن میں دی میجک فلُوٹ اور سوان لیک جیسے عظیم فن پارے پیش کیے جاتے ہیں۔ اوپیرا ہاؤس کی اندرونی چھت پر بنی فریسکو پینٹنگز فنونِ لطیفہ کی دیویوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔

یہاں جدید اور قدیم کا ایسا امتزاج ہے کہ جیسے خواب اور حقیقت ایک ساتھ محوِ خرام ہوں۔ ہم اسٹیٹ اوپیرا ہاؤس کی شان و شوکت کو نظروں میں سموئے البرٹینا میوزیم کی جانب رواں دواں تھے، جہاں ویانا کی تاریخ، فنونِ لطیفہ، اور فلسفے کی نئی پرتیں ہمارے منتظر تھیں۔

(جاری ہے…)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *