Skip to content
Home » Blog » پتھروں میں سوئی بادشاہت

پتھروں میں سوئی بادشاہت

  • by

پتھروں میں سوئی بادشاہت

شارق علی
ویلیوورسٹی

اردن کے سنگلاخ پہاڑوں میں چھپا ہوا شہر پترا دنیا کا وہ عجوبہ ہے جو انسان کو پہلی ہی نظر میں صدیوں پیچھے لے جاتا ہے۔ سرخ گلابی چٹانوں میں تراشے گئے شاہی مقبرے صرف قبریں نہیں، بلکہ ایک ایسی تہذیب کی خاموش گواہی ہیں جس نے پتھروں کو بھی زندگی بخشی۔

پہلی اور دوسری صدی عیسوی میں آباد نبطی تہذیب نے یہاں وہ کاریگری دکھائی جو آج بھی دیکھنے والے کو حیرت زدہ کر دیتی ہے۔ پترا کے مشرقی چہرے پر قطار کی صورت کھڑے یہ مقبر
Urn Tomb، Silk Tomb، Corinthian Tomb
اپنی اپنی شخصیت رکھتے ہیں۔ کبھی ہیلینسٹک انداز کے کھمبے، کبھی رومی محرابوں کی جھلک، اور کبھی مقامی نبطی فن کا ٹھہرا ہوا وقار… جیسے تاریخ کے تین مختلف رنگ ایک ہی چٹان میں حل ہو گئے ہوں۔

Silk Tomb
اپنی رنگین لہروں والی چٹان سے ایسا لگتا ہے جیسے کسی مصور نے پتھر پر برش پھیرا ہو۔
Urn Tomb
بلند دروازے اور وسیع برآمدے کے ساتھ شاہانہ رعب رکھتا ہے۔
اور Corinthian Tomb یونانی طرز کا حسن اپنے اندر سمیٹے کھڑا ہے، جیسے زمانوں کو چیلنج کرتا ہوا کہتا ہو:
’’ہم نے بھی کبھی دنیا دیکھی تھی۔‘‘

پترا صرف ایک شہر نہیں تھا۔ یہ عرب، مصر، روم اور مشرق کے درمیان تجارت کی شاہراہ تھا۔ قافلے یہاں آ کر رکتے، نمک، مصالحے، اور خوشبوئیں بیچتے، اور پھر سفر آگے بڑھاتے۔ انہی دنوں کے امرا نے یہ مقبرے تعمیر کروائے تھے، جن کی خاموش اینٹیں آج بھی بتاتی ہیں کہ نبطی حکمران کتنی شان و شوکت سے جیتے تھے۔

صدیوں کی دھول کے نیچے بھی یہ مقبرے تازہ لگتے ہیں، جیسے وقت نے ان پر ہاتھ ہلکا رکھا ہو۔ پترا کے پہاڑوں میں کھڑا ہر پتھر ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ تہذیبیں مٹ جاتی ہیں، مگر ان کا فن اور ہنر کبھی نہیں مرتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *