روزمرہ کا اہم اور غیر اہم
شارق علی
ویلیوورسٹی
آپ بالکل ٹھیک گاڑی چلا رہے ہوں، اور اچانک کوئی شخص ہارن بجا کر اوورٹیک کرے اور آپ کو گھور کر دیکھے جیسے آپ نے کوئی بڑی غلطی کر دی ہو۔ کسی تقریب میں کوئی عزیز منفی جملہ کہہ دے۔ ایسی صورتحال میں دل میں ہلکی سی بے چینی پیدا ہوتی ہے، پھر غصہ، پھر غیر ضروری سوچوں کا سلسلہ… اور یوں چند لمحوں کی بات پورے دن کے مزاج پر اثر ڈال دیتی ہے۔ بعد میں احساس ہوتا ہے کہ یہ سب کتنا غیر ضروری تھا، مگر تب تک ہم اپنی خاصی توانائی ضائع کر چکے ہوتے ہیں۔
یہی وہ مقام ہے جہاں Don’t Sweat the Small Stuff… and It’s All Small Stuff ہمیں ایک سادہ مگر گہرا سبق دیتی ہے۔ Richard Carlson کسی پیچیدہ فلسفے میں نہیں الجھتے، بلکہ روزمرہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی حقیقتوں کو اس انداز میں بیان کرتے ہیں کہ قاری فوراً خود کو اس آئینے میں دیکھ لیتا ہے۔
اس کتاب کا بنیادی پیغام نہایت واضح ہے: ہم اپنی زندگی کی خوشی خود چھوٹی باتوں کو بڑا بنا کر ختم کرتے ہیں۔ ہر بات پر ردِعمل دینا ضروری نہیں، اور ہر بحث جیتنا کامیابی نہیں۔ بعض اوقات خاموشی اختیار کرنا، کسی بات کو نظر انداز کرنا، یا صرف مسکرا کر آگے بڑھ جانا زیادہ دانشمندی ہے۔
یہ کتاب ہمیں حال میں جینا سکھاتی ہے۔ ماضی کے پچھتاوے اور مستقبل کی فکریں ہمیں اس لمحے کی خوبصورتی سے دور لے جاتی ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ زندگی انہی چھوٹے لمحوں کا مجموعہ ہے۔
ویلیوورسٹی کے قاری کے لیے اس کا سبق نہایت اہم ہے: اگر ہم اپنی توجہ بڑی قدروں، سکون، محبت اور ذہنی توازن پر مرکوز رکھیں، تو چھوٹی پریشانیاں خود بخود اپنی اہمیت کھو دیتی ہیں۔
شاید اصل دانائی یہی ہے کہ ہم ہر روز خود سے یہ سوال کریں:
“کیا یہ بات واقعی اتنی اہم ہے جتنی میں اسے سمجھ رہا ہوں؟”
یا یہ کہ، کیا پانچ سال بعد اس بات کی کوئی اہمیت ہو گی؟
اور اگر جواب “نہیں” ہو—تو شاید یہی وہ لمحہ ہے جب ہمیں مسکرا کر اسے جانے دینا چاہیے… کیونکہ زندگی اُن باتوں کے لیے ہے جو واقعی اہم ہیں، نہ کہ اُن کے لیے جنہیں ہم خود غیر ضروری طور پر اہم بنا دیتے ہیں۔
