ایمپیتھی یا دوسروں کے جذبات سے آگاہی، جذباتی زہانت ، ٹک ٹوک اسکول ، ویلیوورسٹی
جذباتی ذہانت کا ایک کلیدی عنصر ہے دوسروں کے احساسات کو سمجھنا۔ اپنے اور دیگر انسانوں کے درمیانی تعلق کو جاننا۔ دوسروں کی صورتحال میں پہونچ کر ، ان کی نظروں سے مسئلے کو دیکھ سکنا۔ ان کے جوتے پہن کر ان جیسی چہل قدمی کے قابل ہونا۔ اگر ہم بحیثیت فرد یہ سمجھ سکیں کہ دوسرے کس تجربے سے گذر رہے ہیں تو یہ بڑی کامیابی ہو گی۔ جب ہم ایسا کرتے ہیں تو زندگی کے بہت سے پہلو ہم پر کھلنے لگتے ہیں۔ ہم صورتحال کو ایک کشادہ طول و عرض میں رکھ کر سمجھنے لگتے ہیں۔ پیچیدہ انتظامات اور مسابقت کی دوڑ میں مصروف اس دنیا میں بہت سے لوگ اس صلاحیت سے محروم ہوتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں خود غرضی انہیں کامیابی دے گی۔ سچ اس کے بالکل برعکس ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ایمپیتھی رکھنے والے انسانی تعلقات قائم کرنے اور اپنے گھر والوں یا کاروبار میں اپنے گاہکوںاور ساتھی کارکنوں کا اعتماد اور پسندیدگی حاصل کرنے میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں. آجنبی لوگوں اور نئی ثقافتوں اور کاروباری ماحول کو سمجھنے میں انھیں کوی دشواری نہیں ہوتی۔ تیزی سے تبدیل ہوتی عالمی کاروباری دنیا میں تنازعات اور غلط فہمیوں کے باوجود ان کے کام کو فروغ اور ترقی حاصل ہوتی ہے۔ وہ زیادہ پر اعتماد ہوتے ہیں۔ دیرپا اور مضبوط تعلقات قائم کر سکتے ہیں۔ ان کے ملازم اور ساتھی کارکن ان سے وفاداری کا رشتہ قائم کرتے ہیں۔