سائرس دی گریٹ: دنیا کا پہلا “سپر پاور” حکمران
شارق علی
ویلیوورسٹی
تاریخ کے اوراق پلٹے جائیں تو ایک نام بار بار اُبھرتا ہے۔
Cyrus the Great
۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وقت خود گواہی دے رہا ہو کہ یہ صرف ایک بادشاہ نہیں، بلکہ دنیا کی پہلی “سپر پاور” کا معمار تھا۔
سپر پاور کیا ہوتی ہے؟
سادہ الفاظ میں، سپر پاور وہ ریاست ہوتی ہے جو نہ صرف وسیع جغرافیہ پر حکومت کرے بلکہ مضبوط انتظامی نظام، معاشی طاقت، فوجی برتری، اور ثقافتی اثر و رسوخ بھی رکھتی ہو۔ سب سے اہم بات۔ وہ مختلف قوموں کو ایک نظم کے تحت جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
چھٹی صدی قبل مسیح میں، Cyrus the Great نے Achaemenid Empire کی بنیاد رکھی، جو تین براعظموں، ایشیا، یورپ اور افریقہ، تک پھیل گئی۔ یہ اپنے وقت کی سب سے بڑی سلطنت تھی، جس نے تقریباً نصف دنیا کی آبادی کو اپنے زیرِ نگیں رکھا۔
لیکن اصل حیرت اس کی طاقت نہیں، اس کا نظام اور نظریہ تھا۔
سائرس نے مفتوحہ اقوام پر اپنی ثقافت مسلط نہیں کی، بلکہ انہیں اپنی اپنی زبان، مذہب اور روایات برقرار رکھنے کی آزادی دی۔ اس کا سب سے روشن ثبوت Cyrus Cylinder ہے، جسے بعض ماہرین دنیا کا پہلا “چارٹر آف ہیومن رائٹس” قرار دیتے ہیں۔ اس میں غلاموں کی آزادی، مذہبی رواداری اور انصاف پر زور دیا گیا۔ ایسے اصول جو آج بھی جدید دنیا کی بنیاد سمجھے جاتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سائرس نے طاقت وری کے ساتھ رحمدلی کی روایت کو جوڑا۔ بابل فتح کرنے کے بعد اس نے شہر کو تباہ نہیں کیا بلکہ وہاں کے لوگوں کو تحفظ دیا اور جلاوطن اقوام کو واپس اپنے وطن جانے کی اجازت دی۔
یوں، اگر سپر پاور کی تعریف طاقت، نظم اور اثر ہے، تو سائرس دی گریٹ نہ صرف اس معیار پر پورا اترتا ہے بلکہ اسے ایک انسانی چہرہ بھی عطا کرتا ہے۔