Skip to content
Home » Blog » گونونگ پادانگ: ایک قدیم معمہ

گونونگ پادانگ: ایک قدیم معمہ

  • by

گونونگ پادانگ: ایک قدیم معمہ

شارق علی
ویلیوورسٹی

انڈونیشیا کے علاقے مغربی جاوا میں ایک پہاڑی کے دامن میں ایک ایسا مقام ہے جسے مقامی لوگ بہت مقدس سمجھتے ہیں۔ اس کا نام ہے گونونگ پادانگ۔ پہلی نظر میں یہ جگہ سیڑھی دار پتھروں کا ایک عام سا ٹیلہ دکھای دیتی ہے، لیکن دنیا بھر کے ماہرینِ آثارِ قدیمہ کی توجہ آج کل اسی جانب مرکوز ہے۔ وجہ یہ ہے کہ بعض سائنس دانوں کا دعویٰ ہے کہ یہ صرف ایک قدرتی پہاڑی نہیں ہے، بلکہ اس کے اندر ہی کہیں ایک عظیم الشان انسانی تعمیر شدہ ڈھانچہ چھپا ہوا ہے۔

جیوفزکس تحقیق، گراؤنڈ پینیٹریٹنگ ریڈار اور کور ڈرلنگ سے پتا چلا ہے کہ اس کے نیچے تہہ در تہہ پتھروں کی ایسی ترتیب موجود ہے، جو کسی انجینئرڈ تعمیر کا گمان دیتی ہے۔ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک قدیم “پرامڈ نما تعمیری ڈھانچہ” ہوسکتا ہے، جس کی گہرائی تیس میٹر تک جاتی ہے۔ اگر یہ بات ثابت ہو گئی تو اس کا حجم مصر کے مشہور اہرامِ گیزہ سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔

سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ بعض کاربن ڈیٹنگ کے مطابق اس کے سب سے پرانے حصے تیرہ ہزار سے تئیس ہزار سال کے قریب قدیم ہیں۔ یعنی یہ گوبیکلی تَپے (ترکی) اور مصر کی تہذیبوں سے بھی پہلے کا ہو سکتا ہے۔

اگرچہ کئی ماہرین ان دعووں کو متنازعہ اور غیر ثابت شدہ قرار دیتے ہیں، لیکن ایک بات یقینی ہے: گونونگ پادانگ نے انسانی تاریخ کے بارے میں ہماری سوچ کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ کیا واقعی ہزاروں سال پہلے بھی کوئی ایسی ترقی یافتہ تہذیب موجود تھی جو وقت کی گرد میں کھو گئی؟ یہ سوال اج بھی اپنے جواب کا منتظر ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *