سٹویکس کے خیال میں زندگی میں بنیادی بات اخلاقیات ہے۔ اعلی اخلاقی معیار رکھنے والی زندگی ان کے خیال میں قدرت کے اصولوں کے عین مطابق ہے. سٹویک تعلیم کے بنیادی نکات ہیں نیک راہ عمل ، صبر و برداشت ، میانہ روی اور اپنے نفس پر قابو پانا۔ اس فلسفہ حیات سے آنے والی کئی صدیوں بلکہ آج تک بہت سے عام انسانوں اور رہنماؤں نے ہدایت حاصل کی ہے . سٹوا ستونوں پر کھڑے چھجے اور دالانوں کو کہتے ہیں جس کے نیچے کھڑے ہو کر سٹویک فلسفی اپنے شاگردوں کو درس دیا کرتے تھے . اسی وجہ سے یہ طرز فکر اسٹویسزم کہلایا. آج انگریزی زبان میں سٹویک سے مراد ایسا شخص ہوتا ہے جو انتہائی مشکل حالات میں بھی اپنے جذبات پر قابو رکھ سکے اور صبر اور استقامت کی مثال ہو.