پومپیائی کی عالیشان رتھ
شارق علی
ویلیوورسٹی
ذرا تصور کیجیے کہ آپ ایک ٹائم مشین میں بیٹھ کر قدیم روم کے شہر پومپیائی پہنچ چکے ہیں۔ ایک شاہانہ رتھ کی تلاش میں، جو صرف دوڑ میں مقابلے کے لیے نہیں بلکہ شان و شوکت اور رتبے کی علامت کے طور پر بھی استعمال ہوتی ہو۔ آپ کے لیے ایک خوشخبری ہے!
حال ہی میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے پومپیائی میں بالکل ایسا ہی ایک حیرت انگیز خزانہ دریافت کیا ہے، جس کی آپ کو تلاش تھی۔
یہ دو ہزار سال سے زیادہ عرصے تک آتش فشاں کی راکھ میں چھپی ایک رومی رتھ ہے، جو ناقابلِ یقین حد تک محفوظ حالت میں دریافت ہوئی ہے۔
دلکش نقش و نگار، چمکتے ہوئے زیورات، اور نفیس دھات کاری سے مزین یہ چار پہیوں والی سواری جنگ کے لیے نہیں، بلکہ شاندار تقریبات میں شاہی ٹھاٹھ باٹھ کے اظہار کے لیے استعمال ہوتی تھی۔ بالکل ویسے ہی جیسے آج کی دنیا میں رولز رائس!
ویسوویئس کے خوفناک دھماکے نے اگرچہ پومپیائی کو آتش فشانی راکھ میں دفن کر دیا تھا، لیکن اسی راکھ کے نیچے ایسی دریافتیں ہمیں اُس عہد کی شان و شوکت میں ایک بار پھر لے جاتی ہیں۔ یہ ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ تاریخ ایک مسلسل بہتا دھارا ہے اور نہ جانے آج بھی کتنے ہی نوادرات دریافت ہونے کے انتظار میں ہماری نظروں سے اوجھل ہیں۔