Amsterdam Central station is not just a public transport spot, it is simply adorable
دل کشی ، پانچواں انشاء ، ہوف ڈورپ میں چار دن ، انشے سفرنامہ ، شارق علی ، ویلیوورسٹی
پلیٹ فارم نمبر تین پر سینٹرل ایمسٹرڈیم جانے والی ٹرین چند منٹ کے انتظار کے بعد ہمارے سامنے تھی. جدید طرز کی اعلی معیار ٹرین . لندن کی بیشتر انڈرگراؤنڈ ٹرینوں سے کہیں بہتر . کھڑکی کے ساتھ والی نشست پر بیٹھتے ہی ٹرین چل پڑی . اردگرد کے دوڑتے مناظر میں خوش حالی اور تنظیم کا خوش گوار احساس تھا . صاف ستھری اور جدید طرز کی سڑکیں اور عمارتیں اور بیچ بیچ میں آتے جاتے کھیت اور ہرے بھرے میدان . صحتمند اور خوشرنگ گھاس چرتے مویشی . پھر ٹرین ایک میلوں لمبے سولر پینل گارڈن کے پاس سے گزری . نجانے کتنی الیکٹرسٹی جنریٹ ہوتی ہوگی یہاں سے شاید پورے قصبے کے لئے کافی . ٹرین کوئی پون گھنٹے کے سفر کے بعد سینٹرل ایمسٹرڈیم کے سٹیشن پر جاکر رکی تو ہم سمیت تمام مسافر ٹرین سے باہر آئے. زیادہ تر سیاح یورپی تھے یا چینی ، جاپانی وغیرہ . ایشیائی لوگوں کی تعداد بہت کم تھی بلکہ نہ ہونے کے برابر. ایمسٹرڈیم سنٹرل اسٹیشن ایک شاندار اور جدید ریلوے اسٹیشن ہے جہاں سے پورے نیدرلنڈ بلکہ یورپ کے لئے ٹرینیں دستیاب ہیں . اٹھارہ سو اکیاسی میں آٹھ سال کے عرصے میں اس نیو رینیساں طرز کی محل نما عمارت کی تعمیر مکمل ہوئی تھی. اس کے پلیٹ فارم ہال کی وسعت اور دبدبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے . اس کے مرکزی دروازے سے روزانہ گزرنے والوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ہے . آئیے ہم پلیٹ فارم سے باہر نکلنے کے لئے سامنے کے مرکزی رخ کے بجاے مخالف سمت میں اس مقام سے باہر نکلتے ہیں جہاں آئ دریا کے سنٹرل ہارپر کے ساتھ ساتھ ایک شاندار سڑک بنی ہوئی ہے. یہاں کاروں سے زیادہ سائکلوں کا رش ہوتا ہے . بلند و بالا کمان نما ستونوں اور شیشے کی چھتوں سے اس کشادہ میدان کو ایک طرح سے انڈور بنا دیا گیا ہے . سڑک کے رخ بنی جدید دکانوں اور ریستورانوں کا سلسلہ ہے اور دوسری جانب دریا کے کنارے کشتی نما کوفی ہاوس اور فیری ٹرمنل . کیوں نا ساحل کے کنارے اس دلکش ریستوران میں میپل سیرپ میں لتھڑے پین کیکس کا لطف اٹھایا جاے . حسین ویٹریس کو یوں مسلسل نہ دیکھیے . بھلا محسوس نہیں ہوتا . یہ شعر یورپ کے شہروں کی سیاحت کے دوران یاد رکھیے . ع یہاں کے لوگ اپنے دل کی باتیں دل میں رکھتے ہیں …. تمھارے شہر کی اک یہ ادا اچھی لگی ہم کو . وہ دیکھیے خوشرنگ چھوٹی کشتیوں سے پرے دریا کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک بڑی سی فیری کی مسلسل آمد و رفت . مزے کی بات یہ کے پیدل یا سایکل سمیت فیری کے اس سفر کا کوئی کرایہ نہیں . نارتھ ہالینڈ تک عوام کے جانے آنے کے لئے سرکار نے یہ انتظام مفت کر رکھا ہے . ہالینڈ ایک سوشل ویلفیئر سٹیٹ ہے یعنی مفت تعلیم ، طبی سہولیات اور بے روزگاری الاونس وغیرہ بلا تفریق سب کو حاصل ہے اور حکومت کی ذمے داری . شاید یہ یوروپ کے امیر ترین ممالک میں سے ایک ہے اور گھومتے پھرتے یہاں کی شہری سہولیات دیکھ کر اس بات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے . لگتا ہے پین کیکس پسند آے آپ کو . ارے دل چھوٹا نہ کیجیے . اس بڑے سے بل میں ذائقے کے علاوہ خوبصورت منظر اور دلکش مسکراہٹ کے دام بھی شامل ہیں . یاد رہے دلکشی بہت مہنگی ہے یہاں………. جاری ہے