Skip to content
Home » Blog » جنگل جلیبی (پاسپانیا)

جنگل جلیبی (پاسپانیا)

  • by

جنگل جلیبی (پاسپانیا)

یہ جنوبی امریکہ اور میکسیکو کا ایک مقامی درخت ہے جو کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں سمیت دنیا کے مختلف گرم علاقوں میں بھی پایا جاتا ہے۔ ان درختوں پر خوردنی پھلیاں لگتی ہیں جو میٹھے اور کھٹے ذائقے کا ملا جلا مزہ دیتی ہیں۔ جنگل جلیبی کے درخت کی چھال، پتے اور پھل سب ہی دیسی طب میں مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔ یہ پھل وٹامن سی اور دیگر غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے۔

میرا بچپن ستر کی دہائی کے کراچی میں گزرا۔ اس وقت جنگل جلیبی توڑنے نکلنا کم عمر لڑکوں کی زندگی کا ایک اہم ایڈونچر ہوا کرتا تھا۔ اکثر ہم جولی بیروں، کیریوں اور جنگل جلیبی کی تلاش میں جتھے بنا کر نکلتے تھے۔ مالک یا مالی حضرات کی نظروں سے بچ کر درختوں پر تیزی سے چڑھ کر ادھر ادھر دیکھتے ہوئے اور دل کی تیز دھڑکنوں کے ساتھ ان پھلوں سے لطف اندوز ہوتے۔ ممکن ہوتا تو کچھ ذخیرہ بھی کر لیتے۔

خاص طور پر مونسون کی بارشوں کے بعد کم عمر لڑکوں کی یہ ٹولیاں کبھی ایسے ہی کچے پکے پھلوں اور کبھی کبھار محض گیلی ریت پر رینگتی مخملیں سرخ بیر بہوٹیوں کی تلاش میں گھر سے نکلتی تھیں۔ ناکامی کی صورت میں اکثر گلی میں کرکٹ کھیلنے پر اس ایڈونچر کا خوشگوار اختتام ہو جاتا۔ شاید ایسی مہم جوئی نہ صرف غذائی اور طبی فوائد کی حامل تھی بلکہ ہمارے بچپن کی خوشیوں کا اہم حصہ بھی تھی۔ آج کے نوجوان جو کراچی سے تعلق رکھتے ہیں، شاہد اس قسم کی مہم جوئی سے ناواقف ہوں، لیکن یہ ہمارے بچپن کی انمول یادیں ہیں

شارق علی
ویلیوورسٹی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *