ڈاؤ کینٹین/ سنیک کارنر کا ای میل ڈاؤ طلبہ کے نام
تحریر: شارق علی
ڈاؤ 1985
موضوع: بہت دن بیت گئے
میرے جگری دوست،
مجھے یقین ہے کہ تم بھی مجھے نہیں بھولے ہوگے—تمہارا کالج کینٹین/ سنیک کارنر کا پسندیدہ گوشہ۔ کافی وقت گزر چکا ہے، ہے نا؟ میں نے سوچا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں تم سے خود ہی رابطہ کروں۔
میں ہمیشہ ڈاؤ کے طلبہ کے دلوں کی دھڑکن کے ساتھ دھڑکتا رہا ہوں، ان دھڑکنوں میں ذاتی وارداتیں اور طلباء یونین کے انتخابات کا جوش و خروش دونوں ہی شامل تھے۔ جمہوری جذبے اور اس کے ساتھ آنے والی خوشیوں کا تو میں ہمیشہ سے مداح رہا ہوں۔ اس تمام پسندیدگی اور جوش و خروش کے باوجود شاید تمہیں حیرت ہو کہ میں نے کبھی ووٹ نہیں ڈالا اور نہ کبھی ڈالوں گا۔ یہی تو میری خوشی اور آزادی ہے کہ میں ہر اُس شخص کو قبول کرتا ہوں جو میری حدود میں قدم رکھتا ہے۔ اسی لیے میرے دوستوں میں تم جیسے لوگوں سمیت سب ہی شامل ہیں۔ مختلف پس منظر، رنگ، نسل، مذہب، اور عقیدے سے تعلق رکھنے والے۔ یہ غیر مشروط قبولیت مجھے ایک باغ کی سی کیفیت عطا کرتی ہے، جس میں تم سب مختلف رنگوں، شکلوں، اور خوشبوؤں کے پھول بن جاتے ہو۔
میری سوچ اور ماحول کی کشادگی ہمیشہ سے دوستی اور خوشیوں کو خوش آمدید کہتی رہی ہے، مختلف آراء، عقائد، نظریات کو قبول کرتی رہی ہے—حتیٰ کہ 70 اور 80 کی دہائی کے عجیب و غریب اور کبھی کبھار متنازعہ فیشن کے انتخاب کو بھی۔ میرے دل کی بینچوں اور کرسیوں پر، ہر ایک کو جگہ ملی، اور ہمیشہ ملتی رہے گی۔
چاہے گرم دھوپ ہو یا ہلکی پھوار، تم یہاں اپنے چائے کے کپ، جوس، اور گرم سموسوں کے ساتھ جب چاہے جمع ہوجاتے تھے۔ اپنی پرجوش بحثوں میں مشغول، کبھی کبھی تو مگن ہو کر تم اور دیگر دوست گانے بھی گاتے، اور نئے عزم اور یقین کے ساتھ نعرے لگاتے۔ میں تم سب کے ساتھ، بغیر کسی امتیاز کے، مسکراتے ہوئے گاتا ہوا شریک ہو جاتا تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ ایک نہ ایک دن تم سب بڑے ہو جاؤ گے اور اپنے موجودہ خیالات اور نظریات کی سادگی کو دانشمندانہ فکر کی مدد سے دوبارہ دیکھو گے، نئی حقیقتیں اور نیا سچ دریافت کرو گے، اور نئے نغمے لکھو گے۔
کبھی کبھار، دلائل کی کمی، حد سے بڑھی گرما گرمی، یا یک طرفہ جذبے کی شدت، شائستگی میں کمی پیدا کر دیتی تھی۔ جب سخت الفاظ کا تبادلہ ہوتا تو مجھے بہت تکلیف محسوس ہوتی تھی، لیکن یہ سب کچھ عارضی ہوتا۔ میرا اور تمہارا محبت پر ایمان اور دوستی پر یقین کبھی بھی متزلزل نہیں ہوا، اور وقت نے ہمیں صحیح ثابت کیا۔ محبت اور دوستی نظریات کے اختلاف سے کہیں زیادہ مضبوط اور توانا ہیں۔ اب ہم اس عمر میں ہیں جہاں دوستی اور مشترکہ مقصد کی اہمیت، آراء کے اختلافات سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔
کل ہی معین آڈیٹوریم نے مجھے بتایا کہ ہمارے بہت سے پرانے دوست اب بڑے ہو چکے ہیں—کم از کم کچھ لوگ تو! تم سب اب معاشی طور پر مستحکم، پیشہ ورانہ طور پر کامیاب، اور دنیا بھر میں بکھرے اور پھیلے ہوئے ہو۔ بیشتر دوست آسودہ مالی اور ذہنی زندگی گزار رہے ہیں۔ بہت سے اب ریٹائر ہو کر اپنی زندگی کی دوسری اننگز میں داخل ہو چکے ہیں، یہ سمجھتے ہوئے کہ حقیقی خوشی کا تعلق دنیاوی کامیابیوں میں نہیں، بلکہ انسانی تعلقات—خاندان اور دوستوں کی رفاقت میں ہے۔ یہ سن کر مجھے فخر اور خوشی کا احساس ہوا، جسے میں نے فوراً اسپورٹس ارینا کے ساتھ چائے کے کپ پر شیئر کیا۔
اگرچہ میں آج بھی نئے چہروں کی توانائی اور موجودگی سے بھرپور ہوں، لیکن کبھی کبھار تم جیسے پرانے دوستوں کو اب بھی یاد کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ اب تم جہاں کہیں بھی ہو، تم نے میرا سکھایا ہوا تنوع اور انفرادیت کو قبول کرنے کا سبق یاد رکھا ہوگا۔ اور سوچ کے فرق کا کھلے دل سے جشن منانا سیکھ لیا ہوگا۔
مجھے امید ہے کہ تم نے انسانیت کی بہتری کے مشترکہ مقصد کی دھن میں گنگنانا اب تک نہیں چھوڑا ہوگا۔ انسانی محبت، سب کے لیے انصاف کی تلاش، اور پائیدار دوستی کا سفر اب بھی جاری رکھا ہوگا۔ میں تم سب کو وہی پرانی گرمجوشی اور محبت بھیج رہا ہوں!
بصد خلوص و محبت،
تمہارا کالج کینٹین/سنیک کارنر
شارق علی
(ڈاؤ گریجویٹ 1985 کی جانب سے مادر علمی کو ایک خراج تحسین)