Skip to content
Home » Blog » مہنجو دڑو اور کراچی کی شہری منصوبہ بندی

مہنجو دڑو اور کراچی کی شہری منصوبہ بندی

  • by

مہنجو دڑو اور کراچی کی شہری منصوبہ بندی

شارق علی
ویلیوورسٹی

آج جب ہم کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، گندگی سے بھری نالیوں اور ناقص منصوبہ بندی پر نظر ڈالتے ہیں تو دل افسردہ ہو جاتا ہے۔ حیرت اس بات پر ہوتی ہے کہ یہ سب کچھ اُسی خطے میں ہو رہا ہے جہاں کے رہنے والے پانچ ہزار سال پہلے دنیا کی سب سے منظم اربن پلاننگ کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

اس خطے کے موجودہ شہر روزانہ کی مشکلات کا نمونہ ہیں، مگر یہیں کے ماضی کی تہذیب ہمیں بتاتی ہے کہ انسانی ذہانت کس طرح صدیوں پہلے ہی صفائی، ترتیب اور شہری سہولتوں کا حسین امتزاج پیش کر چکی تھی۔

موہنجو دڑو، وادیٔ سندھ کی عظیم بستی، 2500 قبل مسیح میں اپنے عروج پر تھی۔ یہاں اینٹوں کا ایک معیاری تناسب 1:2:4 استعمال کیا جاتا تھا، جو پورے شہر میں یکساں دکھائی دیتا ہے۔ گلیاں سیدھی، گرِڈ پلان پر بنی ہوئی اور ہر طرف نکاسیٔ آب کے منظم نالے تھے۔ ایک اہم پہلو یہ ہے کہ شہر کی ساخت دو حصوں پر مشتمل تھی۔ اوپر قلعہ یا معابد کا علاقہ، اور نیچے عام شہری آبادی۔ اس ترتیب سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ منصوبہ بندی پہلے کی گئی اور اس کے بعد شہر کو بسایا گیا۔ یہ صرف تعمیر نہیں بلکہ شہری شعور اور اجتماعی فلاح کا ثبوت ہے۔

ہر تیسرے گھر میں کنواں موجود تھا، اور مجموعی طور پر سات سو سے زیادہ پسند کنویں کھدے ہوئے تھے۔ گھروں میں غسل کے پلیٹ فارم اور ٹوائلٹ بھی تھے جو نالیوں کے ذریعے مرکزی ڈرین سے جڑتے تھے۔ عظیم حوض، جس کی واٹر پروفنگ جپسم اور قدرتی تارکول سے کی گئی تھی، اجتماعی صفائی اور شاید مذہبی رسومات کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

بازاروں میں مہریں رائج تھیں جن سے سامان کی شناخت اور حساب رکھا جاتا تھا۔ کپاس کے ریشے اور کپڑے، جنہیں دنیا کی اولین مثال مانا جاتا ہے، یہیں سے ملے۔ میسوپوٹیمیا تک ان کے تجارتی تعلقات تھے جہاں انہیں “ملوہہ” کے نام سے جانا جاتا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں بڑے شاہی محلات یا عظیم معابد کے آثار کم ملتے ہیں، جو نسبتاً مساوات پسند سماجی ڈھانچے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

یوں، آج کی شہری بدنظمی کے بیچ موہنجو دڑو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اصل ترقی جدید ٹیکنالوجی، وسایل اور اینٹ ، کنکریٹ میں نہیں بلکہ خلوص نیت، دیانت داری، دور اندیشی، صفائی اور اجتماعی فلاح میں پوشیدہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *