Skip to content
Home » Blog » قبر موجود، خزانہ غائب

قبر موجود، خزانہ غائب

قبر موجود، خزانہ غائب

شارق علی
ویلیوورسٹی

فروری 1837 کی ایک سرد صبح تھی۔ کریمیا کے قدیم شہر کرچ کے قریب ایک بڑا سا مٹی کا ٹیلہ برسوں سے خاموش کھڑا تھا۔ لوگ جانتے تھے کہ یہ کوئی عام ٹیلہ نہیں ہے، اس کے اندر کوئی نہ کوئی راز ضرور چھپا ہے۔ اسی راز کو جاننے کے لیے ماہرِ آثارِ قدیمہ انٹون آشک (Anton Ashik) کئی برسوں سے جستجو میں تھے۔

آخرکار، دنوں کی محنت اور تھکن کے بعد، انٹون اور ان کی ٹیم کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے اس مٹی کے پہاڑ جیسے ٹیلے کے اندر ایک خفیہ دروازہ دریافت کر لیا۔ جب وہ اندر داخل ہوئے تو ان کے ہوش اڑ گئے! یہ محض ایک ٹیلہ نہیں، بلکہ ایک شاہی قبر تھی۔ ایک قدیم بادشاہ کی آخری آرامگاہ، جو آج Royal Kurgan کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔

اندر کیا تھا؟
اندر ایک سیدھا لمبا راستہ تھا، جسے “دروماس” کہا جاتا ہے۔ یہ تقریباً 37 میٹر طویل تھا۔ اس کے آخر میں ایک گول پتھریلا کمرہ تھا، جس کے اوپر اونچا سا گنبد بنا تھا۔ حیرت انگیز بات یہ کہ یہ گنبد بغیر کسی سیمنٹ یا گارے کے، صرف پتھروں کی ترتیب سے بنایا گیا تھا۔ ہر پتھر اپنے وزن سے دوسرے کو سہارا دے رہا تھا، گویا کوئی قدیم جادو انہیں ایک دوسرے سے جوڑے ہوئے ہے۔

کمرے کی چھت اتنی اونچی تھی کہ تین منزلہ عمارت جتنی معلوم ہوتی۔ یہ شاندار تعمیر تقریباً 2400 سال پرانی تھی، ایک ایسے زمانے کی جب نہ بلڈوزر تھے، نہ کرینیں اور نہ ہی بجلی کی طاقت۔

یہ قبر کس کی تھی؟
مورخین کے مطابق یہ قبر Bosporan Kingdom کے ایک بادشاہ، لیوکون، کی ہے۔ یہ سلطنت یونانیوں اور اسکائتھی (Scythian) لوگوں کے باہمی میل سے وجود میں آئی تھی، یعنی دو مختلف تہذیبوں کی آمیزش۔

خزانہ کہاں گیا؟
جب قبر کھولی گئی تو اندر صرف لکڑی کی باقیات ملیں۔ نہ سونا، نہ چاندی اور نہ ہی کوئی قیمتی جواہر۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ قبر ہزاروں سال پہلے ہی لوٹ لی گئی تھی۔

ایک اور دلچسپ پہلو
قبر کی دیواروں پر صلیب کے کچھ نشان بھی ملے ہیں، جو اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ صدیوں بعد کچھ عیسائیوں نے اسے عبادت یا پناہ کی جگہ کے طور پر استعمال کیا تھا۔

یہ جگہ خاص کیوں ہے؟
Royal Kurgan صرف ایک قبر نہیں بلکہ ایک عظیم تعمیراتی نمونہ ہے، جہاں قدیم یونانی اور اسکائتھی فنِ تعمیر کی جھلک صاف نظر آتی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انسان صدیوں پہلے بھی ذہین، محنتی اور فنکار تھے۔ ان کے پاس اوزار کم تھے مگر عقل، جذبہ اور تخلیقی قوت بہت زیادہ تھی۔

یہ دریافت ہمیں سکھاتی ہے کہ زمین کے نیچے صرف باقیات نہیں چھپیں ہوتیں بلکہ پورے زمانے سوئے ہوتے ہیں۔ جب ہم تاریخ کھودتے ہیں تو ماضی کی جھلک، فنکاروں کے فن اور انسان کی تخلیقی طاقت ہمارے سامنے آ کھڑی ہوتی ہے۔ Royal Kurgan بھی ایسی ہی ایک کھڑکی ہے جو ہمیں ہزاروں سال پیچھے لے جاتی ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *